QR CodeQR Code

سیرت نبوی(ص) پر عمل کرکے امت ایک ہو سکتی ہے، علامہ عبدالخالق اسدی

9 Nov 2019 10:25

ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایت پر پورے ملک میں 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منایا جائے گا جس میں تمام اہل تشیع اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما اور عہدیدار اپنے اہلسنت بھائیوں کے جلوسوں میں شریک ہوں گے اور ان کا راستوں میں استقبال کریں گے، لاہور میں بھی جشن عیدمیلادالنبی(ص) کے سلسلہ میں مرکزی جلوس کے روٹ پر مختلف مقامات پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفی(ص) کی ذات اقدس کائنات کے ہر ذرے اور پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے، ہمارے زوال کی وجہ یہ ہے کہ ہم بحیثیتِ اُمت سیرت النبیؐ سے دور ہو چکے ہیں، آپ (ص) کی ذات اقدس پوری انسانیت کیلئے رحمت اور نجات دہندہ ہے۔ لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اسدی نے کہا کہ مسلمان، مسلمان سے دست و گریبان ہے، آپ(ص) کی تعلیمات اور سیرت پر عمل کیا جائے تو ہم سب ایک ہو جائیں گے، موجودہ پُرآشوب دور میں امت مسلمہ کو جتنی وحدت کی ضرورت ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔
 
علامہ اسدی نے اعلان کیا کہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایت پر پورے ملک میں 12 سے 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منایا جائے گا جس میں تمام اہل تشیع اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما اور عہدیدار اپنے اہلسنت بھائیوں کے جلوسوں میں شریک ہوں گے اور ان کا راستوں میں استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی جشن عیدمیلادالنبی(ص) کے سلسلہ میں مرکزی جلوس کے روٹ پر مختلف مقامات پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے اور شرکاء کی شربت سے تواضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایم ڈبلیو ایم ایوان اقبال میں وحدت کانفرنس بھی کروا رہی ہے جس میں امت مسلمہ کے تمام مسالک کیساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے عمائدین بھی شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 826369

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826369/سیرت-نبوی-ص-پر-عمل-کرکے-امت-ایک-ہو-سکتی-ہے-علامہ-عبدالخالق-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org