QR CodeQR Code

بلوچ نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے کیلئے گوادر میں 19 فیکٹریاں قائم کرینگے، چین

9 Nov 2019 10:52

کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ چینی کمپنیاں صوبائی زرعی سیکٹر کو مضبوط کرنے کے لئے کام کررہی ہیں، جبکہ صوبے کی نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے لئے 50 ووکیشنل سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لئے گوادر میں 19 فیکٹریاں قائم کرے گی۔ یاؤ جنگ نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین بلوچستان کے کان کنی، زراعت، فشریز اور پانی کے شعبوں کی ترقی میں کردار ادا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قونصل خانہ کاروباری افراد کے لئے ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنارہا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ اب تک 200 پاکستانی طلبہ چین میں اسکالرشپ حاصل کرچکے ہیں۔ یاؤ جنگ نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں چینی حکومت کی عدم دلچسپی سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے نہ صرف بلوچستان بلکہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کی معاشی قسمت تبدیل ہوگی اور تمام مںصوبے پاکستان سے ہو کر جائیں گے۔ چینی سفیر نے کہا کہ صوبائی فشریز، زراعت، معدنیات اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں ترقی لائی جا سکتی ہے، جو بلوچستان میں غربت ختم کرسکتی ہے۔ یاؤ جنگ نے کہا کہ چینی کمپنیاں صوبائی زرعی سیکٹر کو مضبوط کرنے کے لئے کام کررہی ہیں، جبکہ صوبے کی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کے لئے 50 ووکیشنل سینٹرز قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ژوب ڈیرہ اسمٰعیل خان ہائی وے کی توسیع میں سرمایہ کاری کرے گا جو سی پیک کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 826373

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826373/بلوچ-نوجوانوں-کو-ملازمت-فراہم-کرنے-کیلئے-گوادر-میں-19-فیکٹریاں-قائم-کرینگے-چین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org