QR CodeQR Code

عالم اسلام امریکہ کے قول و فعل کا تضاد سمجھے، حافظ عاکف سعید

9 Nov 2019 12:16

تربیتی نشست سے خطاب میں تنظیم اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ امریکہ نے رپورٹ میں پاکستان پر طعن و تشنیع کیساتھ ساتھ کہا ہے کہ پاکستان لشکر طیبہ اور جیش محمد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہا، پاکستان نے طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے کوئی مدد نہیں کی بلکہ انہیں محفوظ پناہ گاہیں مہیا کیں، اس رپورٹ میں بھارت، اسرائیل اور برما سمیت خود امریکہ کی ریاستی دہشتگردی سے مکمل طور پر چشم پوشی اختیار کی گئی ہے اور انہیں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے لاہور میں تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو امریکہ کے قول و فعل میں تضاد کو سمجھنا ہو گا، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رواں ہفتے کنٹری رپورٹ آن ٹیررازم  2018ء جاری ہوئی ہے، جس میں پاکستان پر طعن و تشنیع کیساتھ ساتھ کہا گیا ہے کہ پاکستان لشکر طیبہ اور جیش محمد کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے حوالے سے کوئی مدد نہیں کی بلکہ انہیں محفوظ پناہ گاہیں مہیا کیں۔ امیر تنظیم نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ میں بھارت، اسرائیل اور برما سمیت خود امریکہ کی ریاستی دہشت گردی سے مکمل طور پر چشم پوشی اختیار کی گئی ہے اور انہیں کلین چٹ دے دی گئی ہے۔
 
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک خبر کے مطابق یمن حکومت اور حوثیوں کے مابین تنازعات کے حل کیلئے سعودی عرب ایران کیساتھ مل کر ایک معاہدہ کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اور پینٹا گون کی طرف سے یہ بیانات جاری ہوئے کہ وہ ہر صورت شام میں موجود تیل کی حفاظت کریں گے کیونکہ اس تیل پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا حق ہے، مزید یہ کہ اس پر امریکی کمپنیاں ہی تیل نکال سکیں گی۔ امیر تنظیم نے اسے شام کی خود مختاری پر کھلا حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے مفادات کے حصول کیلئے اندھا ہو چکا ہے اور عالم اسلام سے بدترین انتقام لے رہا ہے، عالم اسلام کو آنکھیں کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ دوست اور دشمن کو پہچان سکیں۔


خبر کا کوڈ: 826388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826388/عالم-اسلام-امریکہ-کے-قول-فعل-کا-تضاد-سمجھے-حافظ-عاکف-سعید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org