QR CodeQR Code

سندھ بھر میں میلادالنبی (ص) کے مرکزی جلوسوں میں سبیلیں لگائی جائیں گے، علامہ باقر زیدی

9 Nov 2019 18:44

وحدت ہاؤس کراچی میں اجلاس خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین (ص) کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے، حضور نبی کریم (ص) نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے لیکن آج عالم اسلام اغیار کے اشاروں پر ایک دوسرے کے دست و گریبان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عید میلادالبنی (ص) کا دن مسلمانوں کا اپنے نبی کریم (ص)  سے عشق کے عملی اظہار کا دن ہے، پیغمبر خدا حضرت محمد مصطفی (ص) امت کے درمیان نقطہ وحدت ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر 12 تا 17 ربیع الاول ہفتہ وحدت و اخوت کے عنوان سے منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے وحدت ہاؤس میں اجلاس خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عظیم اور پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ولادت باسعادت نبی کریم (ص) کا دن تجدید عہد کا دن ہے، ہمیں حقیقی مصطفوی تعلیمات کو فروغ دینا ہوگا اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا عہد بھی کرنا ہوگا، آج امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین (ص) کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے، حضور نبی کریم (ص) نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے لیکن آج عالم اسلام اغیار کے اشاروں پر ایک دوسرے کے دست و گریبان ہے، اسلامی معاشروں میں بدترین اخلاقی و سماجی بگاڑ پیدا ہوچکا ہے، ان تمام مشکلات کا حل تعلیمات مصفطوی (ص) میں پنہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام جبر و بربریت سے نہیں بلکہ اسوہ حسنہ سے پھیلا ہے۔

علامہ باقر زیدی نے کہا کہ اس وقت مسئلہ کشمیر کا حل مسلم امہ کے لئے ایک چیلنج  بن چکا ہے، اس مقدس مہینے میں اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو ہرگز فراموش نا کریں اور اپنی میلاد کی محافل او ر جلوسوں میں ان کے لئے بھی آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین 12 تا 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منا رہی ہے، اس دوران ملک بھر میں جشن میلاد النبی (ص) کے سلسلے میں سبیلیں، محفل میلاد، سیمینار سمیت مختلف پروگرامات منعقد کئے جائیں گے، تمام صوبائی و ضلعی دفاتر پر چراغاں اور نعتیہ محافل کا انعقاد اور 12 ربیع الاول کو ملک بھر کی طرح سندھ کے مختلف اضلع میں جشن  عید میلاد النبی (ص) کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی جائیں گی جبکہ شہر قائد میلادالنبی (ص) کے مرکزی جلوس نمائش چورنگی پر سبیل لگائی جائے گی، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت سماجی تنظیموں کے رہنما شرکت کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 826479

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826479/سندھ-بھر-میں-میلادالنبی-ص-کے-مرکزی-جلوسوں-سبیلیں-لگائی-جائیں-گے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org