0
Sunday 10 Nov 2019 11:11

لاہور، جشن عید میلاد النبی(ص) کی تقریبات جاری، مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے برآمد

لاہور، جشن عید میلاد النبی(ص) کی تقریبات جاری، مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے برآمد
اسلام ٹائمز۔ جشن عید میلاد النبی(ص) کے سلسلہ میں ملک بھر کی طرح پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی گلیوں، محلوں، بازاروں اور تاریخی نجی و سرکاری عمارتوں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی لائٹنگ بھی کی گئی ہے۔ لاہور سمیت ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں، جن کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کر رہے ہیں۔ جشن عید میلاد النبی(ص) کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

لاہور میں مرکزی جلوس ریلوے سٹیشن سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پہنچے گا۔ اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔ اہل سنت برادران سے اظہار یکجہتی کیلئے جامعہ عروۃ الوثقیٰ سے بھی اہل تشیع کا جلوس برآمد ہوا جو چونگی امر سدھو پہنچے گا جہاں سے واپس جامعہ عروۃ الوثقی جائے گا۔ جلوس کے شرکاء نے سبز جھنڈیاں اٹھا رکھی ہیں اور درود سلام کی صدائیں، آمد مصطفی(ص) مرحبا، مرحبا کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔
 
اسی طرح سٹیشن سے برآمد ہونیوالے عید میلادالنبی(ص) کے  مرکزی جلوس کے راستے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں جلوس کے شرکاء کی شربت سے تواضع کی جا رہی ہے اور شرکاء پر گل پاشی بھی کی جا رہی ہے۔ جلوسوں کے علاوہ میلاد کی محافل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دعوت اسلامی کے زیراہتمام بابا گراونڈ اسلام پورہ میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا، جبکہ داتا دربار میں بھی خصوصی محفل منعقد ہوئی۔ لاہور میں عید میلادالنبی(ص) کے سلسلہ میں سب سے بڑا اجتماع مینار پاکستان گراونڈ میں ہوا جس سے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

عیدمیلادالنبی (ص) کے موقع سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور بھر کی مساجد اور جلوسوں کیساتھ پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے۔ شہر میں مختلف تنظیموں اور شخصیات کی جانب سے لنگر کا بھی وسیع پیمانے پر اہتمام کیا گیا ہے جہاں شہریوں کی تواضع روایتی کھانوں سے کی جا رہی ہے۔ بچوں نے بھی اس حوالے سے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ مختلف علاقوں میں بچے بھی ’’مکہ کی پہاڑیاں‘‘ بنا کر نبی رحمت (ص) سے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 826584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش