0
Sunday 10 Nov 2019 11:47

میلاد مصطفیٰﷺ منانا اللہ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولؐ کی علامت ہے، ثروت اعجاز قادری

میلاد مصطفیٰﷺ منانا اللہ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولؐ کی علامت ہے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ایمان کی معراج نبی کریمﷺ سے عشق و محبت ہے، کائنات کی ہر شے سے بڑھ کر نبی کریمﷺ سے محبت کرنا میلاد ہے، میلاد مصطفیﷺ منانا اللہ کی وحدانیت کی دلیل اور عشق رسولؐ کی علامت ہے، پاکستان میں سیکولر و لبرل ازم سمیت تمام نظام ناکام ہوچکے ہیں، نظام مصطفیٰ (ص) کا نفاذ تمام مسائل کا حل اور ملک کی ترقی کی ضمانت ہے، بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد پر فیصلہ شرمناک اور انصاف کا قتل ہے، دو قومی نظریہ کے مخالفین دیکھ لیں بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ، انصاف کا قتل اور مسلم نسل کشی کی جا رہی ہے، حکومت منطق پیش کرنے کی بجائے کشمیریوں کو بھارت سے آزادی دلانے کیلئے جہاد کا اعلان کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سنی تحریک کے تحت کراچی میں لیاقت آباد ڈاکخانہ سے نکالی گئی عظیم الشان میلاد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، محمد شہزاد قادری، محمد طیب قادری، محمد آفتاب قادری، محمد مبین قادری اور جید علماء کرام بھی موجود تھے۔

ثروت اعجاز قادری نے تمام عالم اسلام کو جشن ولادت رسولﷺ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہر گھر گلی محلے میں سبز پر چم لہرا رہے ہیں، چراغاں ہو رہا ہے اور برقی قمقموں سے سجاوٹ اور درود و سلام کی صداؤں سے فضا معطر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار دوعالم وجہ تخلیق کائنات ہیں، دین اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے، جو تمام مذاہب کو تحفظ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے انتہاپسند ہندوؤں کے دباؤ میں انصاف کا قتل اور انتہا پسندی کو سپورٹ کیا ہے، جس کی ہر فورم پر مذمت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں پر انتہاپسند ہندوؤں اور بھارتی دہشتگرد فوج کے ظلم و ستم و مظالم پر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے نجات دلانا ہوگی۔

سربراہ پی ایس ٹی نے کہا کہ بھارتی عدلیہ انصاف کی بجائے انتہاپسند آئیڈیا لوجی کے ساتھ کھڑی ہوگئی ہے، بھارتی عدلیہ کے فیصلے سے انتہاپسند ہندوؤں کی جنونیت کو فروغ ملے گا، بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر اقوام متحدہ اور عالمی عدلیہ از خود نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھ آئین نے باندھے ہوئے ہیں، حکومتِ پاکستان جہاد کا اعلان کرے، پاکستان سنی تحریک کا ایک ایک کارکن فرنٹ لائن پر کھڑا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے حکومت تاجروں، صنعتکاروں اور مذہبی و سیاسی جماعتوں سے مشاورت کو یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 826590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش