QR CodeQR Code

رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ میں اختتام پذیر ہوگیا

کائنات کی ہرچیز اللہ کی بڑائی بیان کرتی ہے، اللہ پیارے نبی کی نعت پڑھ رہا ہے، مولانا طارق جمیل

10 Nov 2019 11:57

مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ کو اپنے بندے کی جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ اس کی سچے دل سے کی ہوئی توبہ ہے، جب بندہ اپنے رب کو پکارتا ہے اور صرف ہائے اللہ ہی کہتا ہے تو عرش و فرش گونج اٹھتے ہیں، اللہ کہتا ہے کہ اے بندے خواہ تو اتنے گناہ کرلے کہ آسمان کی چھت تک پہنچ جائیں مگر تیری ایک توبہ کے بدلے میں تیرے سارے گناہ بھول جاؤں گا تو مجھے سچے دل سے پکار کے تو دیکھ۔


اسلام ٹائمز۔ رائیونڈ میں جاری تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ بھی آج نماز فجر کے بعد خصوصی دعا کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جس کے بعد شرکاء واپس اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ گئے۔ مولانا ابراہیم آف انڈیا نے اجتماع میں اختتامی دعا کروائی۔ اس سے قبل گزشتہ شام اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ لا الہ اللہ محمد رسول اللہ اسلام کی بنیاد ہے، زمین و آسمان کی ہر چیز اللہ کی بڑائی اور اس کی تعریف بیان کررہی ہے اور اللہ اپنے پیارے محبوب کی نعت پڑھ رہا ہے۔ انہوں نے عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے روز بعدازنماز ظہر ماہ ربیع الاول کے حوالے سے اللہ اور اس کے پیارے نبی ؐ کی شان پر مفصل بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ بادشاہوں سے ملنے کیلئے مجھے 25 سال گزر گئے اور کیا کیا پاپڑ نہیں بیلنے پڑے، مگر اللہ سے ملنے کیلئے بندے کو صرف ایک آنسو بہانے کی ضرورت ہوتی ہے۔
 
انہوں نے کہا اللہ کو اپنے بندے کی جو بات سب سے زیادہ پسند ہے وہ اس کی سچے دل سے کی ہوئی توبہ ہے، جب بندہ اپنے رب کو پکارتا ہے اور صرف ہائے اللہ ہی کہتا ہے تو عرش و فرش گونج اٹھتے ہیں، اللہ کہتا ہے کہ اے بندے خواہ تو اتنے گناہ کرلے کہ آسمان کی چھت تک پہنچ جائیں مگر تیری ایک توبہ کے بدلے میں تیرے سارے گناہ بھول جاؤں گا تو مجھے سچے دل سے پکار کے تو دیکھ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت اس کے غضب پر حاوی ہے، توبہ گناہوں کی فائل کا نام و نشان مٹا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ؐکی اولاد سب سے اعلیٰ ہے اور نبی ؐکے صحابہ اس کی نبوت کی سب سے بڑی دلیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کو سب کچھ ماننے کے بعد نبی اکرم ؐ کے طریقوں کے مطابق زندگی گزارنا ہی اصل ایمان ہے، نبی ؐکے حواری بنیں، اس کے بغیر آپ کے علم اور عمل میں اخلاص اور روحانیت نہیں آئے گی۔


خبر کا کوڈ: 826595

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826595/کائنات-کی-ہرچیز-اللہ-بڑائی-بیان-کرتی-ہے-پیارے-نبی-نعت-پڑھ-رہا-مولانا-طارق-جمیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org