0
Sunday 10 Nov 2019 14:13

ملک میں آج ظلم و جبر کا جو نظام نافذ ہے اس کی وجہ سے ملک میں انتشار اور لاقانونیت ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی

ملک میں آج ظلم و جبر کا جو نظام نافذ ہے اس کی وجہ سے ملک میں انتشار اور لاقانونیت ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی
اسلام ٹائمز۔  جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ ملک میں آج ظلم وجبر کا جو نظام نافذ ہے اسکی وجہ سے ملک میں انتشار اور لاقانونیت ہے، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ ہم نے اسلام کے نام پر وطن حاصل تو کرلیا، اللہ اور اس کے رسول (ص) کے نظام کے مطابق اس ملک کو چلانے کی بات کی، مگر افسوس اللہ کی حاکمیت اور اسکے قانون کی بالادستی کے بجائے وطن عزیز میں جبر و اطاعت کا نظام نافذ ہے، کفار نمرود، فرعون، شداد ظالم و جابر حکمران تھے، جنہوں نے انسان کی حاکمیت قائم کرنے کی کوشش کی اور اپنی حاکمیت اور بالادستی کے لئے عوام کا استحصال کیا لیکن اللہ کے عتاب کا نشانہ بنے، لیکن رسول امیں خاتم المرسلین (ص) نے ہر طرح کے مصائب و آلام کا سامنا کرتے ہوئے نہ صرف دین کو عملی طور پر نافذ کرکے بہترین ریاست کی بنیاد ڈالی، زندگی گزارنے بلکہ انسان کی زندگی کی خانگی/گھریلو، معاشرتی، معاشی، سیاسی اور مذہبی ہر پہلو کی جانب بھرپور رہنمائی فرمائی۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے جماعت اسلامی علاقہ گلشن معمار کے زیر اہتمام جامع مسجد ابوحذیفہ میں منعقدہ سیرۃ النبی (ص) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع شمالی ابوالضیاء پرویز، جماعت اسلامی علاقہ گلشن معمار کے ناظم ابوالخیر ملک، مسجد ابو حذیفہ کے خطیب و امام محمد فاروق، دیگر ذمہ داران تمام کارکنان اور اہل علاقہ و احباب کی بڑی تعداد موجود تھی۔

نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آپ (ص) کی لائی گئی شریعت تاقیامت مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے، ماہ ربیع الاول رسول اللہ (ص) کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے، یہ مہینہ اس بات کی جانب متوجہ کراتا ہے کہ مسلمان رسول اللہ (ص) سے محبت اور آپکی اطاعت میں جو کمی آتی ہے اسے دور کریں اور ہر طرح کی بدعت سے دور ہوکر آپ (ص) کے اسوہ حسنہ کی مکمل اتباع کریں۔ اسامہ رضی  نے کہا کہ  آپ (ص) نے اللہ کی زمین پر اللہ کا دین پھیلایا اور یہ مشن ہم مسلمانوں کو جاری رکھنے کی ہدایت فرمائی، مسلمان جب تک قرآن و سنت پر عمل پیرا رہیں گے وہ کبھی گمراہ نہیں ہوسکتے، مسلمانوں کے دیس وطن پاکستان میں صرف اور صرف اللہ کی حاکمیت و بالادستی قائم کرنا اور اللہ عزوجل کا نظام نافذ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 826621
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش