0
Sunday 10 Nov 2019 14:14

اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں، گورنر خیبر پختونخوا

اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں، گورنر خیبر پختونخوا
اسلام ٹائمز۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا نے ملک بھر کے عوام بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔ خاتم النبین ﷺ کی حیات طیبہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کی سیرت و کردار کی تعمیر اور اخلاق و اعمال کی درستگی کی عمدہ مثال ہے۔ 12 ربیع الاول 1441 ہجری عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو آج جن مسائل و مشکلات کا سامنا ہے اس سے نکلنے کیلئے پیغمبر علیہ السلام کے بتائے گئے طریقوں اور راستے پر چلنے اور ان پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خاتم النبین ﷺ کا آخری خطبہ حج اپناکر ہم نہ صرف زندگی میں بلکہ اخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

گورنر نے اس موقع پر پوری قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ملک سے کرپشن اور بد عنوانی کے خاتمے اور انصاف کے عادلانہ نظام کے قیام کیلئے باہمی اتحاد و اتفاق کا مظاھرہ کریں۔ گورنر شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و الہ وسلم نے اپنی ساری عمر اخلاقی اصولوں کی تبلیغ اور الہی قوانین کی اشاعت میں گزار دی اور ایک دن کیلئے بھی وہ اپنے ماحول کی تیرگی سے مایوس نہ ہوئے جو ہمیں اس بات کا درس دیتی ہے کہ دنیاوی حالات جیسے بھی ہوں ہم نے گھبرانا نہیں ہے اور اپنے قول و فعل پر عین اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈٹے رہنا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت پر موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیئے کہ ہم آپ ﷺ کی سیرت مبارکہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوشش کریں کیونکہ سیرت محمدی پر عملدرآمد ہونے سے نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ ایک بہترین معاشرے کی تکمیل ممکن ہو سکے گی۔
خبر کا کوڈ : 826622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش