0
Sunday 10 Nov 2019 20:04

ڈی آئی خان، عید میلاد النبی بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا

ڈی آئی خان، عید میلاد النبی بھرپور مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارہ ربیع الاول کے موقع پر جشن عید میلادالنبی (ص) نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جشن عید میلاد النبی (ص) کے سلسلے میں دو جلوس نکالے گئے، پہلا جلوس ڈسٹرکٹ تنظیم اہل سنت والجماعت کے زیراہتمام حافظ عبدالمجید گوگا خیل کی قیادت میں نکالا گیا۔ یہ جلوس بازار توپانوالہ سے ہوتا ہوا میدان حافظ جمال پر وقت مقررہ پر اختتام پزیر ہوا۔ جشن عید میلاد النبی (ص) کا مرکزی اور عظیم الشان جلوس ضلعی جماعت اہلسنت اور چیئرمیں مرکزی میلاد کمیٹی الحاج سید نزاکت حسین شاہ گیلانی قادری کی قیادت میں جماعت اہل سنت کے زیر اہتمام صبح 8 بجے جامع تاج مسجد ڈیرہ سے برآمد ہوا۔ جس میں قاری غلام قاسم، صاحبزادہ عابد فاروقی، سید زین العابدین شاہ، سید جمشید اختر شاہ گیلانی، محبوب قریشی، سنی تحریک، دعوت اسلامی، تحریک لیبک یا رسول اللہ، انجمن حلقہ چشتیاں نظامیہ، ایوان مہر علی شاہ کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔

جلوس کے شرکاء نے حمد، درود پاک اور نعت خوانی سے پیارے نبی (ص) سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ جلوس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ جلوس کے دوران مقررین نے اپنے خطاب کے دوران بارہ ربیع الاول کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اتفاق اتحاد یگانگت اخوت و محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے لہذا تمام بنی نوح انسان کی کامیابی اسوۃ رسول (ص) میں مضمر ہے اور اسی کے ذریعے ہم دنیا و آخرت کی فلاح اور بھلائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اہلسنت کا عظیم الشان جلوس جی پی او چوک اور حق نوزپارک ہوتا ہوا دوپہر ایک بجے کے قریب لیاقت پارک (میلاد پارک) میں اختتام پزیر ہوا۔ جہاں خصوصی دعا اور خیرات کا اہتمام کیا گیا، مخیر حضرات کی جانب سے شربت، چائے کی سبیلیں جگہ جگہ لگائی گئیں تھیں۔ عید میلاد کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی کے جوان مستعدی سے اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ پولیس حکام نے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اور بی ڈی ایس کے جوانوں نے دونوں روٹوں کو چیک کرنے کے بعد سکیورٹی کلیرنس دی۔ جلوس کے ساتھ ساتھ ہسپتال ایمبولنس اور کسی بھی واقعہ کی صورت میں پیش آنے واقعات سے نمٹنے کیلئے 1122 کی گاڑیاں اور عملہ بھی موجود رہا۔ 
خبر کا کوڈ : 826653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش