QR CodeQR Code

بلیک لسٹ امریکی خاتون نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہنگامہ کھڑا کردیا

10 Nov 2019 23:45

ذرائع کے مطابق امریکی خاتون 2001ء میں چھ ماہ کے ویزے پر پا کستان آئی تھی، ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود وہ وطن واپس نہیں گئی اور کئی سالوں‌ بعد 2013ء میں وطن لوٹی جس کی وجہ سے خاتون کو پاکستان میں بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ بلیک لسٹ امریکی خاتون پاکستان پہنچ گئی، واپس جانے سے انکار کر دیا جبکہ ڈی پورٹ کرنے پر بزرگ خاتون ’مرے مورڈ‘ نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر ہنگامہ کھڑا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی خاتون پی آئی اے کی پرواز پی کے 702 مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچی تھی، دوران امیگریشن خاتون کا نام بلیک لسٹ میں ہونے پر ایف آ ئی اے نے ڈی پورٹ کرنے کی ہدایت کی، جس پر خاتون کی ایف آئی اے امیگریشن عملے سے بحث و تکرار ہوئی، عملے نے بتایا کہ آپ کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے اس لئے آپ کی امیگریشن نہیں کرسکتے۔
 

اس دوران پی آئی اے کے عملے نے خاتون کو ہوٹل پہنچا دیا، ایف آئی اے کو جب پتہ چلا کہ ڈی پورٹ ہونے والی امریکی خاتون ائیرپورٹ پر موجود نہیں ہے تو کھلبلی مچ گئی۔ ایف آئی اے کی پی آئی اے انتظامیہ سے باز پرس پر پی آئی اے کے عملے کی دوڑیں لگ گئیں اور ڈی پورٹ ہونے والی امریکی خاتون کو ہوٹل سے واپس ائیرپورٹ پہنچا دیا۔ امریکی خاتون نے پاکستان سے واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا، خاتون وہیل چیئر سے اتر کر فرش پر لیٹ گئیں اور احتجاج کرتی رہیں کہ میں پاکستان سے واپس نہیں جاؤں گی۔

ایف آئی اے نے امریکی سفارت خانے کے عملے کو بھی ائیرپورٹ پر طلب کر لیا۔ امریکی سفارتی عملہ بھی ڈی پورٹ ہونے والی خاتون مسافر کو واپس بھیجنے کی کوشش میں مصروف رہا لیکن مسافر پھر بھی نہ مانی۔ ذرائع کے مطابق امریکی خاتون 2001ء میں چھ ماہ کے ویزے پر پا کستان آئی تھی، ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود وہ وطن واپس نہیں گئی اور کئی سالوں‌ بعد 2013ء میں وطن لوٹی جس کی وجہ سے خاتون کو پاکستان میں بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق امریکی خاتون کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 701 سے مانچسٹر روانہ کردیا جائے گا اور پی آئی اے کا عملہ ائیرپورٹ پر ڈی پورٹ ہونے والی خاتون مسافر کو تمام سہولتیں فراہم کررہا ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 826679

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826679/بلیک-لسٹ-امریکی-خاتون-نے-اسلام-آباد-ائیرپورٹ-پر-ہنگامہ-کھڑا-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org