0
Monday 11 Nov 2019 18:46

معیشت سنبھل رہی ہے، برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے، حفیظ شیخ

معیشت سنبھل رہی ہے، برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے، حفیظ شیخ
اسلام ٹائمز۔ مشیرخزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات سے ملک کی معیشت کو سہارا ملا، ورلڈ بینک کے صدر اور آئی ایم ایف نے بھی معاشی اقدامات کی تعریف کی ہے،  حکومتی معاشی ٹیم کے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت کے مؤثر اقدامات سے ملک کی معیشت کو سہارا ملا، ملکی تجارتی خسارے میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، مجموعی قومی خسارے میں نمایاں کمی ہوئی ہے، گزشتہ حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کے 2.1 ارب ڈالر واپس کیے، گزشتہ چار ماہ میں اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا، چار مہینے سے کوئی نوٹ نہیں چھاپے گئے جس کا اچھا اثر ہوا، ورلڈبینک کے صدر اور آئی ایم ایف بھی معاشی اقدامات کے معترف ہیں، آئی ایم ایف کی ٹیم نے پاکستان کے لیے دوسری قسط  کی سفارش بھی کی ہے۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ خوشحالی اس وقت ہو سکتی ہے جب ہم ڈالر کمائیں گے، برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور 4 فیصد اضافہ ہوا، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ کئی ہفتوں سے اوپر جا رہی ہے،  اسٹیٹ بینک کے قرض دینے کی حد میں بھی 100 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، گردشی قرضوں کی مد میں 250 ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاجروں کو مراعات دینے کے مثبت اثرات ظاہر ہو رہے ہیں، ڈومیسٹک ٹیکس نیٹ میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے، ایف بی آر کی وصولیاں 16 فیصد بڑھی ہیں، برآمد کنندگان کو 200 ارب روپے اضافی دیں گے تاکہ سبسڈائز کیا جاسکے، بزنس مینوں کوفوری طورپر30 ارب وپے نقد دیں گے۔

حفیظ شیخ کے مطابق ملک میں تعمیرات کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، گھروں کی تعمیر میں حصہ لینے والے اداروں کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جائے گی، سیمنٹ کی پیداوار 16 ملین ٹن سے زیادہ ہوئی ہے، نیا پاکستان ہاوَسنگ اسکیم کے لیے 30 ارب روپے اضافی مختص کر رہے ہیں، اس اسکیم کے لیےحکومت اپنی طرف سے 30 ارب روپےکی سبسڈی دے گی۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جہاں بھی کسی چیز کی قیمت بڑھے اس کی سپلائی میں اضافہ کیا جاتا ہے، مارکیٹ میں ساڑھے 6 لاکھ ٹن گندم ریلیز کی جس سے آٹے کی قیمتیں کم ہوئیں، کچھ چیزیں یہاں سے اسمگل ہوکر افغانستان اور وسط ایشیا چلی جاتی ہیں، اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کوششیں جاری ہیں، وفاق اور چاروں صوبوں میں این ایف سی پر بات چیت چل رہی ہے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ زر مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوگئے ہیں، جولائی سے 1.2 ارب ڈالر اضافہ ہوا ہے، برآمد کنندگان کو 200 ارب روپے میں حکومت اور اسٹیٹ بینک بھی حصہ دیں گے، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کیلیے 6 ارب روپے اضافی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 826818
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش