QR CodeQR Code

جناح کنونشن سنٹر میں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام میلاد کانفرنس

آزادی مارچ ختم نہ ہوا تو محبت رسول لانگ مارچ کی کال دینگے، مقررین میلاد کانفرنس

انصار الاسلام پہ پابندی نہ لگائی گئی تو ہر مکتب فکر عسکری ونگ بنانے پہ مجبور ہوگا

11 Nov 2019 20:56

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ فسادی مارچ تیزی سے بربادی کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کے لیے میدان میں اتر آئے ہیں، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی اور اسفند یار گاندھی کے چیلے ہیں۔ آزادی مارچ والے قیام پاکستان کے مخالفین اور اہلسنّت پاکستان بنانے والوں کے وارثین ہیں، ہم نے غلامی رسول (ص) میں جینے مرنے کا عہد کر رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنّت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ بارود والوں کے انتشار و فساد کی مزاحمت کے لیے درود والے ”ملک بچاؤ مہم“ چلائیں گے۔ اس سلسلے میں 8 مارچ کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد اور 19 اپریل کو مینار پاکستان گراؤنڈ میں ”استحکام پاکستان سنی کانفرنسیں“ منعقد کی جائیں گی۔ بھارتی ایجنڈے پر ہونیوالا آزادی مارچ ختم نہ ہوا تو میلاد والوں کو محبت رسول لانگ مارچ کی کال دیں گے۔ کانگرسی ملاؤں کی ملک دشمن سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جے یو آئی کے عسکری ونگ ”انصار الاسلام“ پر پابندی نہ لگائی گئی تو ہر مکتبہ فکر اپنا عسکری ونگ بنانے پر مجبور ہو گا۔ اس بات کا اعلان جماعت اہلسنّت پاکستان اور سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ میلاد النبی کانفرنس کے اعلامیہ میں کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری نے کی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے اہلسنّت جماعتوں کے قائدین اور علماء و مشائخ نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آزادی مارچ کے نام پر انتشار پھیلا کر بھارتی ایجنڈا پورا کیا جا رہا ہے۔ فسادی مارچ تیزی سے بربادی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کے لیے میدان میں اتر آئے ہیں۔ صوفیاء کے پیروکار استحکام وطن کے لیے ہر قربانی دیں گے۔ میلاد کے منکرین سیاسی مفادات کے لیے جعلی میلاد مناکر قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی اور اسفند یار گاندھی کے چیلے ہیں۔ آزادی مارچ والے قیام پاکستان کے مخالفین اور اہلسنّت پاکستان بنانے والوں کے وارثین ہیں۔ ہم نے غلامی رسول (ص) میں جینے مرنے کا عہد کر رکھا ہے۔ محبت رسول (ص) ہمارا اسلحہ ہے۔ غلامان رسول (ص) پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ طالبانی مائنڈ سیٹ کا توڑ صوفی ازم ہے۔ اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے خاتمے کے لیے جانثاران ِ مصطفی کی شیرازہ بندی کی جائے گی۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم صاحبزادہ پیرخالد سلطان قادری نے کہا کہ آزادی مارچ والے پاکستان کے غدار اور بھارت کے وفادار ہیں۔ نام نہاد آزادی مارچ سے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ بیرونی طاقتوں نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے فسادی مارچ کی پشت پناہی کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے عالی طاقتوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ملک دشمن کرپٹ ٹولہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ تحریک اہلسنّت پاکستان کے امیر صاحبزادہ فیض رسول نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اندر صوفی محمد اور فضل اللہ کی روح داخل ہو چکی ہے۔ کانگرسی ٹولا پاکستان کو فرقہ وارانہ فسادات کی طرف دھکیلنے کی سازش کر رہا ہے۔ اہلسنّت پاکستان کے استحکام، سالمیت اور بقاء کے لیے سر دھڑ کی بازی  لگائیں گے۔ جماعت اہل حرم پاکستان کے امیر مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک عدم استحکام اور افراتفری کا شکار ہے۔ بربادی مارچ والے اپنی مفاداتی سیاست کے لیے اسلام کا نام استعمال کررہے ہیں۔ اس وقت آزادی مارچ نہیں کشمیر مارچ کی ضرورت ہے۔

جمعیت علماء پاکستان پیر سید معصوم نقوی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ملک میں انتشار اور فساد پھیلا کر مودی کو خوش کررہا ہے۔ غلامان رسول غداران پاکستان کے سامنے دیوار چین بنیں گے۔ قائد اعظم کو کافر اعظم قرار دینے والے پاکستان سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ مولانا وزیر القادری (بلوچستان) نے کہا کہ ہماری وفا حکومت نہیں ملک کے ساتھ ہے۔ آزادی مارچ والے مفاداتی اور اہلسنّت نظریاتی سیاست کے علمبردار ہیں۔ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے فضل الرحمان کو ملنے والے پیسے حلال ہو جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کرپشن بچاؤ مہم چلا رہا ہے۔ کانفرنس سے آزاد کشمیر کے سابق وزیر صاحبزادہ حافظ حامد رضا، علامہ ریاض احمد اویسی، علامہ فیض بخش رضوی، مفتی محمد حیات قادری، مفتی محمد مقیم خان، صاحبزادہ حیات سلطان قادری نے بھی خطاب کیا۔ 


خبر کا کوڈ: 826849

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826849/ا-زادی-مارچ-ختم-نہ-ہوا-محبت-رسول-لانگ-کی-کال-دینگے-مقررین-میلاد-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org