QR CodeQR Code

اردن کا اسرائیل کو لیز پر دیئے گئے علاقے واپس لینے کا اعلان

11 Nov 2019 21:45

الغمر اور الباقورہ 70 سال سے اسرائیل کے پاس تھے، جنہیں 1994ء کے امن معاہدے کے تحت اسرائیل کو لیز پر دیا گیا تھا، یہ معاہدہ کسی عرب ملک کا اسرائیل سے پہلا معاہدہ تھا۔


اسلام ٹائمز۔ اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے اسرائیل کو لیز پر دیئے گئے علاقے واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن نے 25 برس قبل اسرائیل کو لیز پر دیئے گئے اپنے دو علاقوں الغمر اور الباقورہ کو واپس اپنی مکمل عمل داری میں لینے کا اعلان کیا ہے۔ الغمر اور الباقورہ 70 سال سے اسرائیل کے پاس تھے، جنہیں 1994ء کے امن معاہدے کے تحت اسرائیل کو لیز پر دیا گیا تھا، یہ معاہدہ کسی عرب ملک کا اسرائیل سے پہلا معاہدہ تھا۔ شاہ عبد اللہ دوم نے نو منتخب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں الغمر اور الباقورہ کی امن معاہدے کے تحت اسرائیل میں شمولیت کے خاتمے کا اعلان کرتا ہوں اور اب ان علاقوں کے ایک ایک انچ پر اردن کی عملداری ہوگی۔

25 سال قبل اسرائیلی وزیراعظم اسحاق رابین اور اردن کے شاہ حسین کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تحت ان علاقوں کو 25 سال کی لیز پر اسرائیل کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، امن معاہدے پر دستخط کے موقع پر اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت لیز کی معیاد اب ختم ہو رہی ہے، معاہدے کے وقت فریقین کا گمان تھا کہ لیز ختم ہونے پر دوبارہ 25 سال کے لیے لیز میں توسیع کر دی جائے گی، تاہم شاہ عبداللہ دوم نے رواں برس کے اوائل ہی میں لیز میں توسیع نہ کرنے کا عندیہ دے دیا تھا اور اب باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 826854

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826854/اردن-کا-اسرائیل-کو-لیز-پر-دیئے-گئے-علاقے-واپس-لینے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org