QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد میں احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، فیصل جاوید

12 Nov 2019 10:15

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا تھا وہ کرا دیا لیکن انہیں نہ تو این آر او ملے گا اور نہ استعفیٰ ملے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا تھا وہ کرا دیا لیکن انہیں نہ تو این آر او ملے گا اور نہ استعفیٰ ملے گا۔ مولانا فضل الرحمان مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن انہیں اب اسلام آباد میں احتجاج سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ مذاکراتی کمیٹی مسلسل فضل الرحمان سے رابطے میں ہیں۔ فیصل جاوید نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے استعفیٰ دے کر دوبارہ مولانا فضل الرحمان سے انتخاب لڑنے کی آفر کی ہے اور وہ انتخاب لڑ کر اسمبلی میں آ سکتے ہیں، تحریک انصاف ملک کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت ملک میں ریفارمز لے کر آ رہی ہے اور کسی جگاڑ کا سہارا نہیں لے رہی، ہمارے اخراجات زیادہ ہیں لیکن آمدن کم ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت کے پہلے سال 13 فیصد مہنگائی ہوئی تھی اور مسلم لیگ نون کی حکومت میں تقریباً 11 فیصد مہنگائی ہوئی لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں 7 فیصد مہنگائی ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ پہلے سال بہت مشکلات تھیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کی ہے اور امید ہے کہ ایک سال میں عام آدمی تک ہماری حکومت کے ثمرات حکومت تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے، عمران خان گزشتہ 30 سال کا ملبہ صاف کر رہے ہیں جو انتہائی مشکل ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 826885

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/826885/مولانا-فضل-الرحمان-کو-اسلام-ا-باد-میں-احتجاج-سے-کچھ-حاصل-نہیں-ہو-گا-فیصل-جاوید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org