0
Tuesday 12 Nov 2019 20:21
کانگرسی ملاﺅں کی ملک دشمن سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے

سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنت کا ملک بچاو مہم چلانے کا اعلان

آزادی مارچ کے نام پر انتشار پھیلا کر بھارتی ایجنڈا پورا کیا جا رہا ہے، حامد رضا
سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنت کا ملک بچاو مہم چلانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنّت پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ بارودد والوں کے انتشار و فساد کی مزاحمت کیلئے درود والے ”ملک بچاﺅ مہم “ چلائیں گے۔ اس سلسلے میں 8 مارچ کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد اور 19 اپریل کو مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ”استحکام پاکستان سنی کانفرنسیں“ منعقد کی جائیں گی۔ بھارتی ایجنڈے پر ہونیوالا آزادی مارچ ختم نہ ہوا تو میلاد والوں کو محبت رسول لانگ مارچ کی کال دیں گے۔ کانگرسی ملاﺅں کی ملک دشمن سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ جے یو آئی کے عسکری ونگ ”انصار الاسلام“پر پابندی نہ لگائی گئی تو ہر مکتبہ فکر اپنا عسکری ونگ بنانے پر مجبور ہوگا۔ اس بات کا اعلان جماعت اہلسنّت پاکستان اور سنی اتحاد کونسل کے رہنماوں نے لاہور میں مشترکہ اجلاس میں کیا۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آزادی مارچ کے نام پر انتشار پھیلا کر بھارتی ایجنڈا پورا کیا جا رہا ہے، فسادی مارچ تیزی سے بربادی کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان بنانے والے پاکستان بچانے کیلئے میدان میں اتر آئے ہیں، صوفیاء کے پیروکار استحکام وطن کیلئے ہر قربانی دیں گے، میلاد کے منکرین سیاسی مفادات کیلئے جعلی میلاد منا کر قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی اور اسفند یار گاندھی کے چیلے ہیں، آزادی مارچ والے قیام پاکستان کے مخالفین اور اہلسنّت پاکستان بنانے والوں کے وارثین ہیں، ہم نے غلامی رسول میں جینے مرنے کا عہد کر رکھا ہے، محبت رسول ہمارا اسلحہ ہے، غلامان رسول پاکستان کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دیں گے، طالبانی مائنڈ سیٹ کا توڑ صوفی ازم ہے، اسلام اور پاکستان کیخلاف ہونیوالی سازشوں کے خاتمے کیلئے جانثاران ِ مصطفی کی شیرازہ بندی کی جائے گی۔

جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم صاحبزادہ پیر خالد سلطان قادری نے کہا کہ آزادی مارچ والے پاکستان کے غدار اور بھارت کے وفادار ہیں، نام نہاد آزادی مارچ سے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، بیرونی طاقتوں نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے فسادی مارچ کی پشت پناہی کی ہے، مولانا فضل الرحمان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے عالی طاقتوں کے ایجنٹ کا کردار ادا کر رہا ہے، ملک دشمن کرپٹ ٹولہ پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اندر صوفی محمد اور فضل اللہ کی روح داخل ہو چکی ہے، کانگرسی ٹولا پاکستان کو فرقہ وارانہ فسادات کی طرف دھکیلنے کی سازش کر رہا ہے، اہلسنّت پاکستان کے استحکام، سالمیت اور بقا کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے ملک عدم استحکام اور افراتفری کا شکار ہے، بربادی مارچ والے اپنی مفاداتی سیاست کے لیے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں، اس وقت آزادی مارچ نہیں کشمیر مارچ کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 827001
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش