QR CodeQR Code

مشیر خزانہ کی ٹماٹر کی قیمت سے متعلق لاعلمی سے حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اندازہ لگ رہا ہے، مرتضٰی وہاب

12 Nov 2019 20:41

لیاری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو ٹماٹر کے بھاؤ کا علم نہیں ہے، ان کے بیان سے ملکی معیشت کی قلعی کھل گئی ہے، اس سے حکومت کے ویژن کا بھی پتہ چل گیا ہے، ملک کے مشیر خزانہ کا یہ حال ہے تو کابینہ اور وزیراعظم کا کیا حال ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی ٹماٹر کی قیمت سے متعلق لاعلمی سے عوام حکومت کی معاشی پالیسیوں کا اندازہ لگا سکتے ہیں، جس حکومت کی معاشی ٹیم کے سربراہ کا یہ حال ہو اس ملک کی معیشت کی خدا خیر کرے۔ وہ لیاری میں قطر فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں چیکس تقسیم کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، وفاقی مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو ٹماٹر کے بھاؤ کا علم نہیں ہے، ان کے بیان سے ملکی معیشت کی قلعی کھل گئی ہے، اس سے حکومت کے ویژن کا بھی پتہ چل گیا ہے، ملک کے مشیر خزانہ کا یہ حال ہے تو کابینہ اور وزیراعظم کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی سترہ روپے فی کلو ٹماٹر ہے تو مشیر خزانہ حفیظ شیخ لیاری کے عوام کو لادیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک سوال پر کہا کہ ملک کو قرضوں میں ماضی کی حکومتوں نے نہیں بلکہ پی ٹی آئی حکومت نے ریکارڈ قرضے لے کر جکڑا ہے، پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت بدترین مہنگائی کی ذمہ دار ہے۔


خبر کا کوڈ: 827007

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827007/مشیر-خزانہ-کی-ٹماٹر-قیمت-سے-متعلق-لاعلمی-حکومت-معاشی-پالیسیوں-کا-اندازہ-لگ-رہا-ہے-مرتض-ی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org