0
Tuesday 12 Nov 2019 23:20

پاراچنار کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ساجد طوری

پاراچنار کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ساجد طوری
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم سے رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں مزید سو کلومیٹر سڑکیں بنائی جائیں گی اور علاقے کی ترقی کیلئے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، جبکہ پاک فوج بھی میرٹ کی بنیاد پر علاقے میں ترقیاتی کام کر رہی ہے۔ پاراچنار میں اپنی رہائشگاہ پر قبائلی عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری نے کہا کہ خرلاچی، مالی کلے، کراخیلہ، تری منگل روڈ سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر اس سال سو کلو میٹر سڑکیں بنائی جائیں گی۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ صحت کے حوالے سے دیگر سہولیات دینے کے ساتھ پاراچنار ہسپتال کی نہ صرف اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے بلکہ میڈیکل کالج بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ وہ مسلسل تیسری بار اپنے حلقہ سے منتخب ہو رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں، وہ بلاتفریق تمام علاقوں کو یکساں ترقیاتی سکیمز دے اور عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں۔

ساجد طوری نے بتایا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سیاحتی مقامات میں سہولیات دی جا رہی ہیں اور ڈگری کالج نمبر 2، پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ نمبر 2 کے قیام کے بعد آئی ٹی یونیورسٹی پر کام شروع کیا جا رہا ہے، پاراچنار میں طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لئے اسرار شہید ہائی سکول اور گرلز ہائی سکول نمبر 1 کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جا رہا ہے اور اگلے مرحلے میں عمران شہید ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دیا جائے گا۔ ساجد طوری نے مزید کہا کہ جو لوگ علاقے کی ترقی کیلئے کوئی قدم اُٹھاتے ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کا بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔ قبائلی اضلاع میں پاک فوج کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے ایم این اے ساجد طوری نے کہا کہ پاک فوج کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے عوامی مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں اور پاک فوج میرٹ کی بنیاد پر ترقیاتی کام کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 827055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب