QR CodeQR Code

حکومت صوبہ ملتان کے حوالے سے کنفیوژن ختم کرکے واضح لائحہ عمل کا اعلان کرے، راو عبدالقیوم شاہین

13 Nov 2019 00:15

تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب سیکرٹریٹ کا قیام علیحدہ صوبے کا متبادل نہیں ہوسکتا، آئینی پیش رفت شروع کی جائے، خطے کے عوام علیحدہ صوبے کے قیام کیلئے کسی بھی قسم کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راو عبدالقیوم شاہین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 100 دن میں صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود کوئی سنجیدگی نظرنہیں آرہی۔ اس حوالے سے کئی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں مگر آج تک کسی بھی کمیٹی کا کوئی اجلاس تک منعقد نہیں ہوسکا۔ ملتان میں سب سیکرٹریٹ کے قیام کے لئے ابھی تک جگہ ہی دیکھی جا رہی ہے مگر اس حوالے سے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ صوبہ کے قیام کے حوالے سے موجود کنفیوژن کو ختم کرے اور واضح لائحہ عمل کا اعلان کرے۔ سب سیکرٹریٹ کا قیام کسی بھی طرح علیحدہ صوبے کا متبادل نہیں ہوسکتا، صوبے کے قیام کیلئے آئینی پیش رفت شروع کی جائے، ہم حکومت کو یہ بھی باور کرانا چاہتے ہیں کہ اس خطے کو علیحدہ صوبہ بنانے کا خواب اس خطے کے عوام نے دیکھا ہے اور یہ اپنے خواب کی تعبیر کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اس خطے کے عوام علیحدہ صوبہ کے قیام کے لئے کسی بھی قسم کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، اگر حکمرانوں نے عوام کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلے کئے یا کسی بھی لسانی، نسلی تعصب کی بنیاد پر صوبے کے قیام کی کوشش کی تو خطے کے عوام کی طرف سے بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اجلاس میں چوہدری شہزاد فیصل ارائیں، رکن الدین ملتانی، شاہ محمد خان ناصر، اشفاق ندیم ایڈووکیٹ، خواجہ محمد انور، ثقلین تھہیم، مسعود خالد علوی، ملک عمران یوسف اور دیگر نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 827060

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827060/حکومت-صوبہ-ملتان-کے-حوالے-سے-کنفیوژن-ختم-کرکے-واضح-لائحہ-عمل-کا-اعلان-کرے-راو-عبدالقیوم-شاہین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org