0
Wednesday 13 Nov 2019 12:46
تمام محکموں میں بھرتیاں میرٹ پر ہونگی

محکمہ تعلیم میں ہونیوالی تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، جام کمال

محکمہ تعلیم میں ہونیوالی تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اطمینان رکھا جائے بلوچستان میں ہونے والی بھرتیوں کے عمل کو میرٹ اور شفافیت کے مطابق مکمل کیا جائے گا، محکمہ تعلیم میں ہونے والی تعیناتیوں سے متعلق بے ضابطگیوں کی شکایات پر سی ایم آئی ٹی نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے، رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13سے15ہزار آسامیوں پر تعیناتیاں ہورہی ہیں، صوبے میں اقلیتی برادری کے لئے الگ محکمہ قائم کیا ہے۔ جن علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے وہاں کے عوام کو ہم نے سہولیات فراہم کرنی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان میر جام کمال خان نے مزید کہا کہ تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اسمبلی اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم میں ہونے والی تعیناتیوں میں بے ضابطگیوں سے متعلق اپوزیشن نے اعتراضات اٹھائے تھے، جس پر سی ایم آئی ٹی کو تحقیقات کی ہدایت کی گئی، سی ایم آئی ٹی کی تحقیقاتی رپورٹ مجھے موصول ہو چکی ہے اور میں نے سی ایم آئی ٹی کو ہدایت کی ہےکہ رپورٹ میں جن کمزوریوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور جن سے تحقیقات کرنی ہیں ان سے متعلق ایک میکانزم بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اراکین اطمینان رکھیں سی ایم آئی ٹی کی رپورٹ پر عملدرآمد جلد شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں اصلاحات اور شفافیت کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، اسے آگے بڑھایا جائے گا کہیں نہ کہیں کوتاہیاں اور خرابیاں ضرور ہوں گی، جنہیں سامنے لانا جمہوریت کا حسن اور خوبصورتی ہے کمزوریوں کی نشاندہی کی جائے ہم انہیں دورکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سٹنگ سیکرٹری کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے، تعیناتیوں، ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے سی ایم آئی ٹی اور نیب کو متحرک کیا گیا ہے، سی ایم آئی ٹی ایک طریقہ کار کے تحت تمام مواد اکھٹا کررہی ہے، اگر ہم کسی کے خلاف ٹھوس شواہد نہ ہونے کے باوجود کارروائی کا حکم دیں تو وہ پورا حق رکھتا ہے کہ عدالت سے رجوع کرے۔ اگر ہمارے پاس ٹھوس شواہد نہیں ہوں گے تو وہ رہا ہو جائے گا، اس لئے تمام پہلوؤں کا جائزہ اور شواہد اکھٹے کرنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ کوئی امیدوار ٹیسٹ و انٹرویو دیئے بغیر تعینات ہو، تاہم پھر بھی اس طرح کا کوئی اقدام ہوا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ہونے والی تعیناتیوں میں پیپر ز کی تصدیق نہ ہونے سے متعلق شکایات تھیں جس پر ہم نے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ سینٹرز کا معائنہ کرکے پیپرز پر دستخط کریں، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13 سے 15 ہزار افراد کی تعیناتیاں ہورہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اطمینان رکھا جائے بھرتیوں کے عمل کو میرٹ اور شفافیت کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلٰی جام کمال نے کہا کہ گذشتہ روز کرسچن کالونی میں ہونے والے شمولیتی پروگرام مجھے بتایاگیا کہ ان کے علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، کوئٹہ ہمارا واحد اور بڑا شہر ہے یوں۔ ہم نے تمام صوبے کے عوام کو سہولیات فراہم کرنی ہیں مگر کوئٹہ کی جانب زیادہ توجہ ہے۔ کیونکہ یہ صوبائی دارالحکومت ہے جہاں تک نمائندگی کی بات ہے تو یہ پہلی صوبائی حکومت ہے جس نے اقلیتی محکمہ قائم کیا ہے، اس سے پہلے تمام اقلیتیں محکمہ مذہبی امور کے تحت آتی تھیں، بلوچستان پہلا صوبہ ہے جس نے ملک میں اقلیتی برادری کے لئے الگ محکمہ قائم کیا ہے اور اقلیتی برادری کی نمائندگی اور ان کے مسائل صرف ان کے نمائندوں نے ہی نہیں بلکہ ہم سب نے حل کرنے ہیں محکمہ اقلیتی امور کو مزید فعال کررہے ہیں اور مسائل کے حل کو یقینی بنائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 827105
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش