QR CodeQR Code

شاہراہ بلتستان کی بندش کی اطلاع ملتے ہی سکردو میں پٹرول پمپس پر تالے لگ گئے

13 Nov 2019 16:52

انتظامیہ شہریوں کو بلاتعطل پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہو گئی۔ رکن کونسل وزیر اخلاق نے کہا ہے کہ انتظامیہ اپنی رٹ قائم کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے۔


اسلام ٹائمز۔ شاہراہ بلتستان کی بندش کی اطلاع ملتے ہی سکردو میں پٹرولیم مصنوعات پھر ناپید ہو گئیں اور شہری خوار ہونے لگے، انتظامیہ شہریوں کو بلاتعطل پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنانے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے، شہر کے تمام پٹرول پمپس پر تالے لگ گئے ہیں، جس کی وجہ گاڑیوں کا پہیہ جام ہو گیا ہے۔ شہر میں بلاجواز پٹرولیم مصنوعات ناپید ہونے پر عام شہریوں کے علاوہ رکن کونسل وزیر اخلاق حسین پھٹ پڑے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ سکردو میں انتظامیہ کی رٹ اور گرفت کمزور پڑنے کی وجہ سے ذخیرہ اندوزوں کو موقع مل رہا ہے، سکردو روڈ دو گھنٹے کیلئے بند ہونے پر شہر میں پٹرولیم مصنوعات نایاب ہو جاتی ہیں اور تمام پٹرول پمپوں پر تالے لگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث صوبائی حکومت بدنام ہو رہی ہے ہم انتظامیہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی رٹ کو یقینی بنائے ورنہ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ یاد رہے کہ تین روز پہلے سکردو شاہراہ روندو کے مقام پر دس روز کیلئے بلاک ہو گئی تھی جس کیوجہ سے بلتستان میں پٹرولیم مصنوعات کا شدید بحران پیدا ہو گیا تھا۔ عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ سکردو میں تیل کا بلک ڈپو قائم کیا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں کوئی پریشانی نہ ہو۔


خبر کا کوڈ: 827178

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827178/شاہراہ-بلتستان-کی-بندش-اطلاع-ملتے-ہی-سکردو-میں-پٹرول-پمپس-پر-تالے-لگ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org