QR CodeQR Code

حکومت کی جڑ کاٹنے کے اعلان کیساتھ اسلام آباد میں آزادی مارچ کے خاتمے کا اعلان

13 Nov 2019 19:05

اسلام آباد میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے خطاب میں کہا کہ جو کارکنان آزادی مارچ میں شریک نہیں ہو سکے وہ اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں اور پلان بی پر عملدرآمد شروع کر دیں، ہم اس محاذ سے اگلے محاذ پر جا رہے ہیں، موجودہ حکومت پر کوئی اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ کا دھرنا ختم کر دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی ہم یہاں سے روانہ ہوں گے، پلان اے نے حکومت کی جڑیں کاٹ دی ہیں اور اب ہم گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکا اور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو کارکنان آزادی مارچ میں شریک نہیں ہو سکے وہ اپنے اپنے گھروں سے باہر نکل آئیں اور پلان بی پر عملدرآمد شروع کر دیں، ہم اس محاذ سے اگلے محاذ پر جا رہے ہیں، موجودہ حکومت پر کوئی اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے، اس حکومت کو نہ کوئی ٹیکس دیتا ہے اور نہ ہی عالمی برادری اعتماد کر رہی ہے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کچھ صوبوں میں ہمارے ساتھی سڑکوں پر نکل آئے ہیں، اب حکومت گھر جائے، وزیر اعظم کے استعفیٰ اور عام انتخابات سے کم کچھ قبول نہیں ہے، ہم شہروں میں نہیں بلکہ شاہراہوں پر بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ہمارے جوانوں کو نہ روکے، احتجاج ہمارا حق ہے اور اگر ہمیں ایک جگہ سے روکا گیا تو ہم دوسری جگہ پر احتجاج کریں گے اب کوئی مائی کا لال ہمیں نہیں روک سکتا۔ جے یو آئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے کارکنوں نے آزادی مارچ کے پلان بی پر عمل کرتے ہوئے کوئٹہ چمن شاہراہ رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کیلئے بند کر رکھی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کا اہم مشاورتی اجلاس  دھرنے کے مقام پر جاری ہے ۔ کچھ دیر میں مولانا فضل الرحمان اہم اعلان کرسکتے ہیں۔ کچھ دیر قبل آزادی مارچ کے مقام پر اعلان کئے گئے کہ تمام کارکن اور انصار الاسلام کے رضاکار کنٹینر کے قریب آجائیں مولانا فضل الرحمان اہم اعلان کرنے والے ہیں۔ ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اس سے قبل ایک  اجلاس مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر بھی  ہوا جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطا الرحمان اور اسلم غوری شریک  ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 827200

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827200/حکومت-کی-جڑ-کاٹنے-کے-اعلان-کیساتھ-اسلام-آباد-میں-آزادی-مارچ-خاتمے-کا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org