0
Wednesday 13 Nov 2019 19:19

امریکی سامراج کی حمایت کے بغیر بھارت میں آرٹیکل 370 کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا تھا، رضا ربانی

امریکی سامراج کی حمایت کے بغیر بھارت میں آرٹیکل 370 کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا تھا، رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ میں آج کشمیر کی صورتحال پر پیش کی گئی تحریک پر بحث ہوئی ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ عالمی برادری نے انسانی حقوق کو ہمیشہ جانبداری کے انداز میں استعمال کیا ہے، ہمیں مدنظر رکھنا ہوگا کہ دنیا میں دہرا معیار ہے، مظلوم اور پسے ہوؤں کے لئے الگ معیار ہے۔ رضاربانی نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ بھارت میں ہندو نیشنلزم کی نئی لہر شروع ہوچکی ہے، بھارت اب ایک ہندو فاشسٹ ریاست ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارت میں فیڈرل ازم کو سخت نقصان پہنچایا گیا ہے، بھارت میں مضبوط جمہوری اداروں کا ستون گرچکا ہے۔ 

انکا کہنا تھا کہ بھارتی سپریم کورٹ کے حالیہ (بابری مسجد کے متعلق) فیصلے نے وہاں عدلیہ کی آزادی کا ستون بھی گرادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندو انتہا پسندی کا عروج ہے، کشمیر میں خودساختہ عدالتی نظام کا پول کھل چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کو عدالتیں نظر انداز کر رہی ہیں۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ  آسام کی حکومت نے دو لاکھ سے زائد شہریوں کو غیر ملکی قرار دے دیا ہے، جو سب مسلمان ہیں، ہم باہر کے ممالک اور مسلم امہ کو کشمیر پر بھارت کے مظالم کے حوالے سے اپنے حق میں نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کے بھارت میں وسیع تر مالی مفادات ہیں ان کو ہم مسلمانوں کے ساتھ مظالم بارے اپنی رائے کے حق میں نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، تاریخ کا طویل ترین کرفیو ہے، او آئی سی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی اپنا کردار ادا نہیں کرتی تو پاکستان احتجاج کے طور پر اپنی او آئی سی کی رکنیت معطل کرا دے، اقوام متحدہ امریکی سامراج کی کاسہ لیس ہے، امریکہ کے بھارت کے ساتھ مفادات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت امریکہ کا اسٹریٹجک شراکت دار ہے، اقوام متحدہ کیوں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کراتا، امریکی سامراج کا بھارت کے ساتھ تعلق پوری دنیا کے سامنے ہے، امریکی سامراج کی حمایت کے بغیر آرٹیکل 370 منسوخ نہیں ہو سکتا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 827202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش