QR CodeQR Code

دین اسلام ہی اقلیتوں کو بھرپور حقوق کی ضمانت دیتا ہے، عثمان بزدار

14 Nov 2019 13:30

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم اس روشن پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کا خواب قائدؒ نے دیکھا تھا، معاشرے میں رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کے فروغ کیلئے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کرتار پور راہداری منصوبہ بین المذاہب رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عمومی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اتحاد و اتفاق کی جتنی ضرورت آج ہے شاید پہلے کبھی نہ تھی، پاکستان ہم سب کا مشترکہ  ملک ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مل کر طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی  مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں، زندگی کے ہر طبقے نے پاکستان کو آگے لے جانے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، موجودہ حکومت نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس روشن پاکستان کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کا خواب قائدؒ نے دیکھا تھا، معاشرے میں رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کے فروغ کیلئے علمائے کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کرتار پور راہداری منصوبہ بین المذاہب رواداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان جو کہتے ہیں، وہ کرکے دکھاتے ہیں، عمران خان نے راہداری کرتارپور بنا کر دنیا کو امن اور برداشت کا پیغام دیا، پنجاب میں سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کو جائز قانونی حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف پراجیکٹس لا رہی ہے، پنجاب میں مزارات کی دیکھ بھال کے امور میں بہتری لائی جائے گی۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دین اسلام ہی اقلیتوں کو بھرپور حقوق کی ضمانت دیتا ہے، عمران خان نے قائداعظمؒ کے اقلیتوں کو عبادت کی آزادی دینے کے موقف کو عملی شکل دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 827318

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827318/دین-اسلام-ہی-اقلیتوں-کو-بھرپور-حقوق-کی-ضمانت-دیتا-ہے-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org