QR CodeQR Code

گرفتار کرنیکی کوشش کی گئی تو ڈان لیکس اور پانامہ لیکس کے راز کھول دونگا، اسحاق ڈار

14 Nov 2019 13:53

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ انٹرپول کی طرح عدالت میں بھی یہ لوگ رسوا ہوں گے، یہاں مغربی ممالک میں ادارے ہمارے ملک کی طرح ڈکٹیشن نہیں لیتے، یہاں سچ کی جیت ہوتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے خود ساختہ جلاوطن سینئر رہنما اسحق ڈار نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر انٹرپول کی جانب سے حکومت پاکستان کو میری حوالگی سے انکار کے بعد حکام میری گرفتاری کے لیے برطانوی عدالت جاتے ہیں تو میں دنیا بھر کے میڈیا کے سامنے سب سچ بتا دوں گا، میں سب لوگوں کے نام لے کر ڈان لیکس اور پانامہ لیکس کے حقائق بتاؤں گا، جو پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگا، ان شا اللہ انٹرپول کی طرح عدالت میں بھی یہ لوگ رسوا ہوں گے، یہاں مغربی ممالک میں ادارے ہمارے ملک کی طرح ڈکٹیشن نہیں لیتے، یہاں سچ کی جیت ہوتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ میرا نام نہ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں تھا، نہ پانامہ لیکس میں تھا، لیکن پھر بھی وٹس ایپ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں جھوٹی رپورٹ پیش کی کہ میں نے بیس سال تک یعنی 1981ء سے لیکر 2001ء تک اپنے ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کروائے، حالانکہ اس دور میں تو میں چھ سال ملک سے باہر تھا اور نان ریزیڈیٹ تھا، ان لوگوں نے سپریم کورٹ سے جھوٹ بولا اور اس جھوٹ کی بنیاد پر ریفرنس قائم کیا گیا، اس کا یہی حشر ہونا تھا جو انٹرپول میں ہوا، ان لوگوں نے سب جھوٹ کا پلندہ انٹرپول کو دیا، میں نے اپنی انکم ٹیکس ریٹرن، رسیدوں اور اسیسمنٹ آرڈرز سمیت ہر ایک دستاویز انٹرپول کو پیش کردیں، تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، یہاں مغربی ممالک میں ادارے ڈکٹیشن نہیں لیتے، یہاں سچ کی جیت ہوتی ہے، الحمداللہ انٹرپول نے ان کے منہ پر طمانچہ مارا، شہزاد اکبر اور سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ بھی میری حوالگی کی کوشش میں لگے ہوئے تھے، لیکن سب ناکام ہوئے۔
 


خبر کا کوڈ: 827319

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827319/گرفتار-کرنیکی-کوشش-کی-گئی-ڈان-لیکس-اور-پانامہ-کے-راز-کھول-دونگا-اسحاق-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org