QR CodeQR Code

نااہل حکومت خود ہی پورے ملک میں احتجاج کا ماحول دے رہی ہے، لیاقت بلوچ 

14 Nov 2019 21:56

ملتان سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ فوجی آمریتوں اور جمہوریت کے نام پر منتخب حکومتوں کی ناکامی نے واضح کردیا ہے کہ صرف قیادت نہیں ہمہ گیر، اہل، جفاکش اور ذاتی مفادات سے بالاتر ٹیم ہی پاکستان میں خودانحصاری اور خودداری کا نظام لاسکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے احتجاج کے پلان بی کا اعلان کدیا ہے، حکومت نے میاں نوازشریف کے علاج کو صریحا غیرانسانی اور ظالمانہ طریقے سے کنڈکٹ کیاہے، نااہل حکومت خود ہی پورے ملک میں احتجاج کا ماحول دے رہی ہے، عمران خان حکومت کو مسئلہ کشمیر پر بے وفائی کا حساب دینا ہوگا۔ ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی کی مرکزی منشور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی، قومی اور صوبائی انتخابات میں اپنے اسلامی، انقلابی اور عوامی فلاح کے منشور کے ساتھ حصہ لے گی۔ فوجی آمریتوں اور جمہوریت کے نام پر منتخب حکومتوں کی ناکامی نے واضح کر دیا ہے کہ صرف قیادت نہیں ہمہ گیر، اہل، جفاکش اور ذاتی مفادات سے بالاتر ٹیم ہی پاکستان میں خودانحصاری اور خودداری کا نظام لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سماجی بحرانوں سے نکالے گی، انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے ارکان نے ڈاکٹر شفیق الرحمن کو نیا امیر منتخب کیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر ہندوستان نے پابندی عائد کی اور ہندوستان کے ایما پر ہی بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کی قیادت و کارکنان ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ ان حالات میں پرامن جمہوری سیاسی اور آئینی جدوجہد کرنے والی جماعت نے اپنے جمہوری وجود کو تسلیم کرایا ہے، ان شااللہ نئی قیادت کامیاب ہوگی۔ بنگلہ دیش کے عوام اسلام اور اتحاد امت کا جذبہ رکھتے ہیں یہی جذبہ غالب آئے گا۔ 


خبر کا کوڈ: 827441

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827441/نااہل-حکومت-خود-ہی-پورے-ملک-میں-احتجاج-کا-ماحول-دے-رہی-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org