QR CodeQR Code

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنا سیاسی انتقام ہے، اسفندیار ولی

15 Nov 2019 13:40

اے این پی سربراہ نے کہا ہے کہ حکومت مان چکی ہے کہ (ن) لیگ کے قائد بیمار ہیں لیکن پھر بھی شرائط لگانا بدنیتی اور غیرانسانی سلوک ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ شرائط اس شخص کیلئے لگائے جارہے ہیں جو خود اپنی بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر اپنی بیٹی سمیت جیل جانے کیلئے ملک واپس آیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے صحت سے متعلق انتہائی تشویشناک خبروں کے آنے کے بعد حکومتی رویہ انتقام پر مبنی ہے، عدالتی اجازت کے بعد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنا اور ضمانتی بانڈز کے شرائط کے بہانے علاج سے روکنا سیاسی انتقام ہے، آصف علی زرداری کی سندھ منتقلی کا مطالبہ جائز ہے کیونکہ وہ صوبہ بھی پاکستان کا حصہ ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے اپوزیشن کے دو بڑے رہنماؤں کے صحت کی تشویشناک حالت تک پہنچنے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں میں انسانیت ختم ہوچکی ہے، ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ کپتان کے آنے کے بعد سیاست سے شائستگی ختم ہوچکی، لیکن اب بیمار رہنماؤں کو مزید اذیت میں ڈالنے کی روایت دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ شائستگی کے ساتھ ساتھ انسانیت بھی ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ اے این پی سربراہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق عدالتی اجازت آچکی ہے، لیکن پھر بھی انہیں باہر جانے اور ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے شرائط لگائے جا رہے ہیں، یہ انتقام نہیں تو اور کیا ہے؟ اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ حکومت مان چکی ہے کہ (ن) لیگ کے قائد بیمار ہیں لیکن پھر بھی شرائط لگانا بدنیتی اور غیرانسانی سلوک ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ شرائط اس شخص کیلئے لگائے جارہے ہیں جو خود اپنی بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑ کر اپنی بیٹی سمیت جیل جانے کیلئے ملک واپس آیا تھا، مگر موجودہ حکمرانوں کا غیر سیاسی اور غیرانسانی جذبہ دیکھ کر یہی کہا جاسکتا ہے کہ یہ سیاسی نابلد لوگ ہیں۔


خبر کا کوڈ: 827501

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827501/نواز-شریف-کا-نام-سی-ایل-سے-نہ-نکالنا-سیاسی-انتقام-ہے-اسفندیار-ولی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org