0
Friday 15 Nov 2019 13:53

ہم سب ملکر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، وزیراعلٰی کے پی

ہم سب ملکر دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، وزیراعلٰی کے پی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ آزادی ہر کسی کا بنیادی حق ہے جو اسے ملنا چاہیئے، ہم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی ہمیشہ سے حمایت کی ہے اور آئندہ بھی یہ حمایت جاری رکھیں گے، جب بھی اور جہاں بھی ضرورت پڑی خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام حاضر ہونگے۔  مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب نے مسئلہ کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں دراندازی اور نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کو جس طرح بے نقاب کیا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلٰی سیکرٹریٹ پشاور میں آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلٰی کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصی طور پر مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے اس موقع پر بتایا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور وہاں ہندؤں کی آبادکاری میں مصروف ہے جو انتہائی تشویشناک ہے۔ صدر آزاد جموں و کشمیر نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب نے دنیا میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مثبت تاثرات پیدا کئے ہیں۔ وزیراعلٰی نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی ظلم و تشدد کو غیر انسانی فعل قرار دیا اور یقین دلایا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہیں ہم کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے پہلے بھی جدوجہد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ محمود خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حکمت عملی کے ساتھ اس مسئلے کے حل کیلئے کوشاں ہے، تاہم وہ یہ بھی واضح کر چکے ہیں کہ دشمن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اگر ہمیں مجبور کیا گیا تو کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔

دشمن مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی سطح پر ناکام ہوچکا ہے، وہ جتنی بھی کوشش کرلے اپنے مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا، کشمیر اور پاکستان کے عوام پہلے بھی شانہ بشانہ کھڑے تھے اور آئندہ بھی مل کر دشمن کی ہر چال کو ناکام بنائیں گے۔ ملاقات کے دوران سی پیک کی اہمیت، بدلتے ہوئے منظر نامے، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے درمیان تجارتی و ثقافتی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ مانسہرہ سے میرپور براستہ مظفر آباد تک موٹروے کا منصوبہ زیرِ غور ہے جو ایک طرف مانسہرہ کے مقام پر مرکزی شاہراہوں سے منسلک ہوگا اور دوسری طرف میرپور سے دینہ اور وہاں سے لاہور سے منسلک ہوگا۔ یہ ایک بہترین مواصلاتی نیٹ ورک بن جائے گا جس کی وجہ سے ہم مزید قریب ہوجائیں گے اور باہمی تجارت اور صنعت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ علاوہ ازیں کشمیر اور خیبر پختونخوا کے عوام جغرافیائی اور ثقافتی طور پر بھی مزید مضبوط ہوجائیں گے۔

وزیراعلٰی نے مذکورہ منصوبے کی اہمیت سے اتفاق کیا اور اپنی طرف سے اس منصوبے کو ترقیاتی پروگرام کا حصہ بنانے کیلئے کوشش کا یقین دلایا۔ وزیراعلٰی نے مائنز اور منرل کے شعبے میں کشمیری صدر کی طرف سے باہمی تعاون کی پیش کش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا کے معدنی شعبے میں بڑی استعداد موجود ہے۔ ملک میں تیل کی مجموعی پیداوار کا 52 فیصد یہ صوبہ فراہم کرتا ہے، قبائلی علاقوں میں بھی معدنی ذخائر کی ٹھیک ٹھاک استعداد موجود ہے ہم اس شعبے میں سرمایہ کاروں کو سہولیات دے رہے ہیں۔ آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا دونوں مل کر اس شعبے میں باہمی تعاون کیلئے طریقہ کار وضع کر سکتے ہیں۔ وزیراعلٰی نے اس موقع پر صدر آزاد کشمیر کی طرف سے دورے کی دعوت کا خیرمقدم کیا اور عندیہ دیا کہ وہ جلد آزاد کشمیر کا دورہ کرینگے۔ ملاقات کے اختتام پر رہنماؤں کی طرف سے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 827503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش