0
Friday 15 Nov 2019 18:35

اہلبیت (ع) کی شان میں گستاخی توہین رسالت (ص) ہے، جسکے مرتکب کو پھانسی ملنی چاہیئے، ایم ڈبلیو ایم

اہلبیت (ع) کی شان میں گستاخی توہین رسالت (ص) ہے، جسکے مرتکب کو پھانسی ملنی چاہیئے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ ملک دشمن عناصر سندھ میں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں، حضرت محمد مصطفیٰ (ص) اور ان کے اہل بیت (ع) پر مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کا کامل ایمان ہے، اہلبیت اطہار علیہم السلام کی گستاخی توہین رسالت کے زمرے میں آتی ہے، جس کے مرتکب کو سرعام پھانسی ملنی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر زیدی نے بعد نماز جمعہ خوجہ جامع مسجد اثناء عشری کھارادر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام مہدی علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے تمام مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں، سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون عبدالستار جمالی نے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا، توہین اہلبیت (ع) کی اس جسارت نے پورے ملک کو غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔

عبدالستار جمالی نہ صرف مقدسات کی توہین کا ارتکاب کیا ہے بلکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔ اس اقدام کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی کال پر جمعہ کے روز سندھ کے مختلف حصوں میں مظاہرے کئے گئے۔ اس حوالے سے جامع مسجد نور ایمان، جامع مسجد حیدری اونگی ٹاؤن میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس میں مولانا ملک عباس، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرزمین سندھ اول اسلام کے بعد سے ہی اولیاء اللہ کا مسکن رہی ہے اور اس سرزمین پر مشہور معروف صوفی و مذہبی شخصیات کی آمد و رفت رہی ہے اور انہی کی بدولت اسلام پھیلا ہے۔

آج سندھ دھرتی پر چند نفرت انگیز عناصر دشمنان اسلام اور دشمنان پاکستان اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے یہاں فرقہ واریت کو فروغ دینا چاہتے ہیں کہ سندھ دھرتی میں بسنے والے پر امن اور عاشقان محمد و آل محمد علیہم السلام کے راستوں میں رکاوٹ بن سکیں، فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر چلنے والے یہ ناعاقبت اندیش عناصر کبھی توہین رسالت (ص) کے مرتکب ہوتے ہیں تو کبھی اہل بیت رسول (ع) کے خلاف ہرزہ سرائی کرکے سندھ کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں، عبدالستار جمالی کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مذموم حرکت کرنے کی جرات نہ کرے۔ مقررین نے احتجاجی مظاہروں میں حکومت سے جبری لاپتہ شیعہ افراد کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
خبر کا کوڈ : 827563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش