0
Friday 15 Nov 2019 18:35

وفاق اور نیب کا موقف مسترد، نواز شریف کی درخواست قابل سماعت قرار

وفاق اور نیب کا موقف مسترد، نواز شریف کی درخواست قابل سماعت قرار
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیرمشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی۔ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے درخواست کو قابل سماعت اور دائرہ اختیار سے متعلق وفاق اور نیب کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت یہیں ہوگی اور کیس کی اگلی سماعت پیر کو ہوگی۔ نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے درخواست کی کہ نوازشریف کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت کل مقرر کی جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت کل مقرر کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کل 11 بجے درخواست پر سماعت کرے گی۔

اس سے قبل دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا جس میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کو اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے لہٰذا ہائیکورٹ اس درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے۔ وفاق اور نیب کے جواب پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دئیے، اس موقع پر عدالت نے کہا کہ ہم یہاں ایک ایسے معاملے کو سن رہے ہیں جس کا نام ای سی ایل میں ہے، ابھی ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ ہم اس کی سماعت کرسکتے ہیں کہ نہیں۔ صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی جانب سے گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے غیر مشروط طور پر نکلوانے کے لئے درخواست دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے حکومت کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔

شہباز شریف کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ سے نواز شریف کی ضمانت بیماری کی بنیاد پر منظور ہوچکی ہے، ضمانت منظور ہونے کے باوجود وفاقی وزارت داخلہ نے نام ای سی ایل سے نہیں نکالا، نواز شریف سزا یافتہ ہونے کے باوجود بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر بیٹی کیساتھ پاکستان واپس آئے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے ضمانت منظور کرتے ہوئے ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے کوئی قدغن نہیں لگائی، تاہم وفاقی کابینہ نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست پر شرائط عائد کر دی ہیں، لہٰذا نواز شریف کا نام غیر مشروط طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 827564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے