0
Saturday 16 Nov 2019 13:34

کارگل سکردو روڈ کھولنے کامطالبہ زور پکڑنے لگا، کھرمنگ میں احتجاجی مظاہرے

کارگل سکردو روڈ کھولنے کامطالبہ زور پکڑنے لگا، کھرمنگ میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ کارگل سکردو روڈ کھولنے کامطالبہ زور پکڑنے لگا۔ کھرمنگ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کارگل روڈ کھولنے کے حق میں یک زبان ہو گئیں۔ مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جبکہ گزشتہ روز نماز جمعہ کے خطبات میں تمام ائمہ جمعہ نے سکردو کارگل روڈ کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور یہ باقاعدہ ایک تحریک بنتی جا رہی ہے۔ کھرمنگ کے سرحدی گائوں اولڈینگ اور میموش تھنگ کے عوام نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر کارگل روڈ کھولنے کے حق میں نعرے درج تھے۔ اولڈینگ میں احتجاجی ریلی نکالی گی۔ ریلی کی قیادت امام جمعہ والجماعت شیخ باقر نجفی نے کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ منقسم خاندان ایک دوسرے سے ملنے کے لئے بےتاب ہیں، کئی دہائیاں گزر گئیں لیکن دونوں طرف کے حکمرانوں کی ہٹ دھرمی منقسم خاندانوں کو ملانے میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ ایک طرف کرتاپور راہداری کھول کر امن کا پیغام دیا جا رہا ہے تو دوسری طرف ہماری تذلیل کی جا رہی ہے۔ سکھوں کے لئے کرتارپور راہدری کھل سکتی ہے تو مسلمانوں کے لئے کارگل بارڈر کیوں نہیں۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا ہے کہ وہ کارگل بارڈر کو کھولنے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ کئی دہائیوں سے بچھڑے خاندان ایک دوسرے سے مل سکیں۔
خبر کا کوڈ : 827700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش