QR CodeQR Code

وحدت کانفرنس کا مقصد اتحاد بین المسلمین کا اظہار ہے، اسد نقوی

16 Nov 2019 19:12

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات اور پنجاب حکومت کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ پُرامن معاشرے کے قیام اور رواداری کا فروغ تعلیمات نبوی (ص) پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ اسد نقوی نے کہا کہ کانفرنس سے وحدت کا پیغام جائے گا، جو تمام علمائے کرام کی خواہش بھی ہے اور مقصد بھی، اس سلسلہ میں ایم ڈبلیو ایم نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی (ص) کے سلسلے میں 17 نومبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہونیوالی عظیم الشان وحدت کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کانفرنس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، اکابرین اور نامور شخصیات مدعو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد اتحاد بین المسلمین کا عملی اظہار کرکے اقوام عالم پر یہ آشکار کرنا ہے کہ شیعہ سنی اتحاد غیر متزلزل اور ناقابل شکست ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول کریم (ص) کی ذات ساری امت کیلئے اتحاد کا مرکز و محور ہے۔

انہوں نے کہا کہ رسول کریم (ص) کی تعلیمات پر عمل کرکے عالم اسلام باہمی تنازعات سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے، خاتم النبیین  وہ ذات مقدسہ ہیں جنہوں نے جانی دشمنوں کو بھائی بھائی کے مثالی رشتے میں بدلا اور ایک فلاحی ریاست کا قیام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پُرامن معاشرے کے قیام اور رواداری کا فروغ تعلیمات نبوی (ص) پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ اسد نقوی نے کہا کہ کانفرنس سے وحدت کا پیغام جائے گا جو تمام علمائے کرام کی خواہش بھی ہے اور مقصد بھی، اس سلسلہ میں ایم ڈبلیو ایم نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔


خبر کا کوڈ: 827758

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827758/وحدت-کانفرنس-کا-مقصد-اتحاد-بین-المسلمین-اظہار-ہے-اسد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org