QR CodeQR Code

ملک کے قرضے تشویشناک حد تک بڑھ چکے ہیں، ہر شہری تقریبا سوا دو لاکھ روپے کا مقروض ہے، مصطفیٰ کمال

16 Nov 2019 21:56

نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ قرضے لینے کے بجائے ٹیکس چوری کو روکنا اور غیر ٹیکس آمدن میں اضافے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا، ملک بھر میں پائیدار امن کے قیام کے لئے قومی اسمبلی کو فعال کرکے عوامی مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کے عمل کو تیز کرنا ہوگا تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام پیدا ہو۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک کے قرضے تشویشناک حد تک بڑھ چکے ہیں، پاکستان کا ہر شہری تقریبا سوا دو لاکھ روپے کا مقروض ہے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2018ء سے ستمبر 2019ء تک ملک کے بیرونی قرضوں میں 10.8 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جن کا مجموعی حجم 106.9 بلین ڈالر ہوچکا ہے، جو سعودی عرب کی جانب سے تیل کی ادائیگیوں کی مد میں دیئے گئے 9 بلین ڈالر کے ریلیف کے علاوہ ہے ،جبکہ وفاقی وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2023ء میں موجودہ حکومت کے اختتام تک اندرونی قرضوں کا بوجھ 24 ہزار ارب روپے سے بڑھ کر 45 ہزار ارب روپے ہو جائے گا، رپورٹ کے مطابق حکومت کی معاشی پالیسیوں کا معیشت پر منفی اثر پڑا ہے، گردشی قرضے ختم کرنے کے لئے حکومت نے درآمدات کم کرنے کی پالیسیاں اپنائیں لیکن ان سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح سے متاثر ہوئیں، نتیجتا لوگ بے روزگار ہوئے، انڈسٹریز بند ہونے لگیں، سرمایہ کار ملک چھوڑ کر جانے لگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام کے ساتھ حکومتی کارکردگی پر اسٹیٹ بینک کی حالیہ رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے، اگر یہی صورتحال جاری رہی تو آئندہ آنے والی حکومتیں قرضوں کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہونگی اور ملک چلانا مزید دشوار ہوجائے گا، حکومت کو ابھی سے معیشت بہتر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے، قرضے لینے کے بجائے ٹیکس چوری کو روکنا اور غیر ٹیکس آمدن میں اضافے کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا، ملک بھر میں پائیدار امن کے قیام کے لئے قومی اسمبلی کو فعال کرکے عوامی مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کے عمل کو تیز کرنا ہوگا تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام پیدا ہو، پاک سرزمین پارٹی ملک میں درکار معاشی اصلاحات پر دانشوروں اور معیشت دانوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے تاکہ موقع ملنے پر عوام کو مایوسی نہ ہو اور ہم عوامی توقعات پر پورا اتر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 827775

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827775/ملک-کے-قرضے-تشویشناک-حد-تک-بڑھ-چکے-ہیں-ہر-شہری-تقریبا-سوا-دو-لاکھ-روپے-کا-مقروض-ہے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org