0
Sunday 17 Nov 2019 10:25

نواز شریف کو علاج کیلئے لندن منتقل کرنے کی تیاریاں جاری

نواز شریف کو علاج کیلئے لندن منتقل کرنے کی تیاریاں جاری
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ نواز شریف کو طویل سفر کیلئے طبی طور پر تیار کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق ڈاکٹرز سابق وزیراعظم کو ادویات کا استعمال کرا رہے ہیں، سفر کے قابل ہونے کیلئے ابھی 36 گھنٹے درکار ہوں گے۔ مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ فضائی سفر کے دوران نواز شریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ دل کی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کیلئے طبی احتیاط کی بھی تیاری کا عمل جاری ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز دوران سفر ممکنہ طبی پیچیدگی سے بچاؤ کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ڈاکٹرز کی اولین ترجیح نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو محفوظ سطح پر لانا ہے جبکہ ایئر ایمبولینس آئندہ 36 گھنٹوں میں لاہور پہنچ جائے گی  جس کے پہنچتے ہی میاں نواز شریف کو لندن منتقل کر دیا جائے گا جہاں ان کے طبی معائنے کیلئے وقت لے لیا گیا ہے۔ ایئر ایمولینس کی لندن پرواز کا کل دورانیہ 6 گھنٹے بتایا گیا ہے اور 10 گھنٹے کی فلائنگ کا فیول مہیا ہوگا۔ 2 پائلٹ اور 2 ڈاکٹر عدنان سمیت  جبکہ ایک نرس ساتھ ہوگی۔ سول ایوی ایشن انتظامیہ نے حج لاؤنج سے طیارے کی روانگی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ حج لاؤنج پر ہی امیگریشن کرے گا۔

فیملی میں شہباز شریف نواز شریف ڈاکٹر عدنان اور متوقع طور پر جنید صفدر بھی ساتھ روانہ  ہو سکتے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عملے کی حج لاؤنج تعیناتی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے حوالے  سے ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گے ہیں۔ اس حوالے سے ایئرپورٹ پر سکیورٹی فورس، ایف آئی اے امیگریشن، کسٹم، اے این ایف نے بھی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ نواز شریف کے لیے پلیٹ لیٹس کے بھی چار پیک رکھے جائیں گے اور سی بی سی کرنے سمیت ایمرجنسی میں کئے جانیوالے ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 827808
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش