0
Sunday 17 Nov 2019 10:49

مجھے ان ہاؤس کوئی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی، شاہ محمود قریشی

مجھے ان ہاؤس کوئی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ سامنے رکھتے ہوئے جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان ہاؤس کوئی تبدیلی دکھائی نہیں دیتی، تحریک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے جبکہ شہباز شریف نے عدالت میں حلف نامہ جمع کرایا ہے کہ وہ نواز شریف کو واپس لانے کے پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر وزیراعظم نے کور کمیٹی سے مشاورت شروع کر دی ہے اور عدالتی فیصلہ سامنے رکھتے ہوئے جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کر لیا جائے گا، تحریک انصاف کی نواز شریف یا آصف علی زرداری سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوئی حکومت نہیں چاہیے گی کہ معیشت کا اہم طبقہ تاجر ناراض ہوں اور سڑکوں پر نکلیں۔

انکا کہنا تھا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو ہمیں اندازہ تھا کہ حالات اس حد تک خراب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل فیصلے کیے جن کے اثرات اب نظر آرہے پیں، جب معیشت بیمار ہو تو کڑوی گولی لینی پڑتی ہے جبکہ ہماری خواہش ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے، گلوبل ویلج میں ایک ملک کی معیشت کا دوسرے ملک کی معیشت پر انحصار ہوتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ معیشت ڈنڈے سے درست نہیں ہوتی یہ تدبر اور سوچ سے ٹھیک ہوتی ہے اور اب روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے، زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس میں جان پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کی معیشت مستحکم ہو گی تو اس کا اثر خارجہ پالیسی پر پڑے گا جبکہ ہماری درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 827811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش