QR CodeQR Code

نواز شریف کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت عمران خان کے بغض اور عناد کی شکست ہے، احسن اقبال

17 Nov 2019 18:59

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء نے کہا کہ حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا، ہم نے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، دہشت گردی کو ختم کر کے دکھایا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے جھوٹ اور دھوکے پہ مبنی نئے پاکستان کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت عمران خان کے بغض اور عناد کی شکست ہے۔ پاکستان آج عمران نیازی کی لگائی ہوئی نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ریاست مدینہ کا تصور ہر مسلمان کے لیے مقدس ہے لیکن وزیر اعظم مسلمانوں کے جذبات کی توہین کر رہے ہیں، یہ حکومت نااہلی کی اعلیٰ مثال بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت جاننے کے لیے وزیر خزانہ کا بیان ہی کافی ہے، ٹماٹر 300 روپے کلو ہے اور یہ 17 روپے کلو بیچ رہے ہیں۔ اس حکومت کا سارا کاروبار سوشل میڈیا پر چل رہا ہے۔ رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ اب تو حکومتی اتحادیوں نے بھی کہہ دیا کہ عمران خان کی حکومت 6 ماہ اور رہ گئی تو کوئی حکومت سنبھال نہیں سکتا، اس لیے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان اپنی ناکامی تسلیم کریں اور فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ناکام ہو چکی ہے انہوں نے کئی بار قومی رہنما بننے کا موقع ضائع کیا اور کشمیر پر سولو فلائٹ کرنے کی کوشش کی جبکہ ایک موقع عمران خان کے پاس نواز شریف کی بیماری تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا، ملکی مشکلات کا حل صرف مسلم لیگ نون کے پاس ہے اور ہمارے پاس تجر بہ کار ٹیم بھی ہے، ہم نے لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، دہشت گردی کو ختم کر کے دکھایا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 827847

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827847/نواز-شریف-کیلئے-بیرون-ملک-جانے-کی-اجازت-عمران-خان-کے-بغض-اور-عناد-شکست-ہے-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org