QR CodeQR Code

سزا یافتہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی سہولت ہے تو معصوم حسنین کو کیوں نہیں، احسن عباس رضوی

17 Nov 2019 23:29

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت آوارہ اور پاگل کتوں کے خاتمے کے خلاف مہم چلانے کیلئے بہانے بازی سے کام لے رہی ہے، اگر سندھ حکومت آوارہ اور پاگل کتوں کے خلاف کوئی کاروائی انجام نہیں دے سکتی تو ان کتوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کی سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کو اجازت دے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت وہ واحد حکومت ہے جس کے نزدیک انسانی جانوں سے زیادہ کتوں کی جانیں قیمتی ہیں، اگر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سزا یافتہ مجرم کو بیرون ملک علاج کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے تو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت سرکاری خرچ پر معصوم حسنین کو علاج کے لئے باہر بھیجے جہاں اس کے چہرے کی سرجری ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ترجمان سید احسن عباس رضوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر خصوصا سندھ میں آوارہ اور پاگل کتوں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں، ایک اندازے کے مطابق اس وقت سندھ میں 20 لاکھ سے زائد آوارہ کتے موجود ہیں، سندھ کے مختلف علاقوں سے سگ گزیدگی کے واقعات میں مسلسل اضافے کی خبریں آرہی ہیں لیکن حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی، لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے معصوم حسنین کو آوارہ کتے نے جس بے دردی سے نوچا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال کے دوران 92 ہزار سے زائد کتے کے کاٹے جانے کیس رپورٹ ہوئے، کئی درجنوں افراد اذیت ناک موت کا شکار ہوئے۔

احسن عباس رضوی نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کو پیرس بنانے کے دعوے تو کرتی ہے لیکن سرکاری اسپتالوں میں (ریبیز وائرس) کتے کے کاٹے کے بعد کی ویکسین بھی دستیاب نہیں، سندھ حکومت آوارہ اور پاگل کتوں کے خاتمے کے خلاف مہم چلانے کیلئے بہانے بازی سے کام لے رہی ہے، اگر سندھ حکومت آوارہ اور پاگل کتوں کے خلاف کوئی کاروائی انجام نہیں دے سکتی تو ان کتوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کی سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کو اجازت دے۔ احسن عباس رضوی نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم سندھ بھر میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ریبیز ویکسین کی اسپتالوں کو فراہمی یقینی بنائے اور کتے سے کاٹنے سے شدید زخمی معصوم حسنین کے سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج کا فوری انتظام کرے۔


خبر کا کوڈ: 827862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827862/سزا-یافتہ-نواز-شریف-کو-بیرون-ملک-علاج-کی-سہولت-ہے-معصوم-حسنین-کیوں-نہیں-احسن-عباس-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org