0
Monday 18 Nov 2019 01:35

ایران ہمارا ہم آواز بنے تو مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے، سید فخرامام

ایران ہمارا ہم آواز بنے تو مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے، سید فخرامام
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے اسلام آباد سے میڈیا سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کشمیر میں انسانی تاریخ کا بدترین ظلم ڈھا رہا ہے، گزشتہ ساڑھے تین ماہ سے محصور کشمیریوں کو کرفیو کے نفاذ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فورمز پر کشمیر کے معاملے پر گفتگو ہونا اور تحفظ حقوق انسانی کی تنظیموں کی جانب سے کشمیریوں پر جاری ظلم وستم کا نوٹس لینا یقینا پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا نتیجہ ہے، جس کے تناظر میں توقع کی جاسکتی ہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق ملنے کی منزل ضرور ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین لازوال دوستی کا رشتہ موجود ہے، ایران خطے کے ان ممالک میں نمایاں مقام رکھتا ہے جو مسئلہ کے حل کے موثر کردار ادا کرسکتے ہیں، اگر ایران کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا ہم آواز بنے تو مسئلہ کشمیر باآسانی حل کیا جاسکتا ہے، ایران کے تعاون کے نتیجے میں ایک سو دس دن سے اپنے گھروں میں محصور کشمیریوں کی اشک شوئی ممکن ہے۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے بتایا کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی میں پاک ایران فرینڈ شپ گروپ کے وفد نے ایران کا دورہ کیا ہے، جس کا مقصد اسلام آباد اور تہران کے تعلقات کو مضبوط بنانا، دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو تقویت دینا ہے اور کشمیر کاز پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی کی ہدایت پر ایران کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد نے پاکستان ایران دوستی گروپ کے اراکین ایران کے صنعت و تجارت کے وزیر احمد عامر آبادی اور رضا رحمانی سے ملاقات کی، جس میں ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے کشمیر کے معاملے میں ایران کے موقف کو اہمیت کا حامل گردانا اور خطے میں امن کے لئے ایران کی کوششوں کو سراہا ہے۔ اس موقع پر پاکستان ایران دوستی گروپ کے ایرانی اراکین نے جون 2019ء میں مکمل ہونے والے پاکستان کے دورے کی یادداشتوں کو شاندار الفاظ سے سراہا اور پاکستان کی مہمان نوازی کا ذکر کیا۔
خبر کا کوڈ : 827866
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش