QR CodeQR Code

کسی بھی قسم کی ان ہاؤس تبدیلی نہیں ہو گی، چوہدری سرور

18 Nov 2019 12:57

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم سب نواز شریف کی صحت یابی کےلیے دعا گو ہیں، نواز شریف کی صحت کیلئے بہترین میڈیکل بورڈ بنایا اور حکومت نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی ان ہاؤس تبدیلی نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے اور اب پاکستان تحریک انصاف حکومت کی توجہ غریب آدمی  کے مسائل حل کرنے پر ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم سب نواز شریف کی صحت یابی کےلیے دعا گو ہیں، نواز شریف کی صحت کیلئے بہترین میڈیکل بورڈ بنایا اور حکومت نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نواز شریف کو شفا دیں اور وہ علاج کرا کر واپس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کا نظام سیاست دانوں نے ہی چلانا ہے، کیونکہ حکومتیں سیاست دان ہی چلاتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ سیاست میں اچھے لوگ نہ آئے تو ملک کے مسائل مزید بڑھیں گے، اچھے سیاست دان کی پہچان لوگوں کی ضروریات کو سمجھ کر پورا کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام کو مضبوط نہیں کیا گیا، بلدیاتی نظام بہتر ہونے سے عوام کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ پاکستان کی سیاست کا حصہ بنوں گا، برطانیہ میں میرے تعلقات بے نظیر بھٹو شہید کے ساتھ تھے، جلاوطنی کے دوران شریف بردران کے ساتھ بھی تعلق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 2007ء میں بےنظیر بھٹو نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ گورنر پنجاب کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کا وژن نظام کی تبدیلی اور کرپشن ناقابل برداشت ہے، حکومت کو درپیش مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی اور گڈ گورننس میں مسائل کا سامنا ہے۔

گورنر پنجاب نے بتایا کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کی اور مہنگائی کم کرنے کے لیے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بہت بڑا صوبہ ہے،اس لیے چیلنجز بھی زیادہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم کی ہدایات پر کام کررہے ہیں، وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ کو تمام اختیارات دے رکھے ہیں۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے پاس وہی اختیارات ہیں جو شہبازشریف کے پاس تھے، وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعظم اور صوبائی کابینہ کا اعتماد حاصل ہے، عوام کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ چوہدری سرور نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے اتحادیوں کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 827885

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827885/کسی-بھی-قسم-کی-ان-ہاؤس-تبدیلی-نہیں-ہو-گی-چوہدری-سرور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org