0
Monday 18 Nov 2019 14:59

گلگت میں عید میلاد النبی اور الیعقوبی فاؤنڈیشن کے دفتر کے افتتاح کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

گلگت میں عید میلاد النبی اور الیعقوبی فاؤنڈیشن کے دفتر کے افتتاح کے حوالے سے تقریب کا اہتمام
اسلام ٹائمز۔ الیعقوبی ویلفيئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام المصطفٰی پبلک سکول اینڈ کالج گلگت میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفٰی (ص)، امام جعفر صادق (ع)، ہفتہ وحدت اور دفتر الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا، جس میں عراق سے تشریف لانے والے مندوب شیخ عمار الھلالی، آیت اللہ الیعقوبی کے پاکستان میں نمائندے شیخ ہادی حسین ناصری، ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی جعفراللہ خان، ممبر جی بی اسمبلی جاوید حسین، کرنل ریٹائرڈ عبیداللہ بیگ اور پروفیسر اجمل حسین رہنما تحریک انصاف، چیئرمین الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان شیخ اقبال توسلی، صدر ٹیچرز ایسوسی ایشن جی بی حاجی شاہد حسین سمیت جی بی کے  تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، علماء اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر عراق سے تشریف لانے والے شیخ عمار الھلالی نے الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان کے دفتر کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔

چیئرمین الیعقوبی ویلفيئر فاونڈیشن گلگت بلتستان کے چیئرمین شیخ اقبال توسلی نے کہا کہ الیعقوبی ویلفیئر فاونڈیشن کا بنیادی مقصد اتحاد بین المسلمین اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے، بلارنگ و نسل، مذہب و قومیت، علاقائیت جہاں اور جس کو بھی ضرورت ہو  وہاں خدمات انجام دینگے، علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے حکومت سے بھی پھرپور تعاون کیا جائے گا۔ حکومت، سیاستدان، عماٸدین، علماء اور عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔ عراقی مندوب شیخ عمار الھلالی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی علماء کی خواہش اور تقاضا کرنے اور پاکستان میں ضروریات کو مدنظر رکھ کر پاکستان اور گلگت بلتستان میں دکھی انسانیت اور ضرورت مندوں کی خدمت کیلئے فلاحی کاموں کا آغاز کیا ہے اور باقاعدہ دنیا بھر کی طرع پاکستان اور جی بی میں باقاعدہ دفاتر کھولے ہیں، آیت للہ محمد موسی الیعقوبی کا فرمان ہے کہ اسلام اور دین کی خدمت کی جائے اور یہاں ہم خدمات انجام دینے آئے ہیں، حکومت پاکستان اور وزیر مذہبی امور کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے سیرت النبی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور پاکستان آنے کا موقع دیا۔ جی بی کی صوبائی حکومت، علماء اور عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے عزت بخشی۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر جی بی اسمبلی جعفراللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ الیعقوبی ویلفيئر فاؤنڈیشن گلگت بلتستان میں فرقہ واریت کو ختم کرنے میں کرداد ادا کرے گی اور علاقے کے ماحول میں مزید بہتری آئے گی۔ علماء انبیاء کے وارث اور ہمارے سر کے تاج ہیں اور عوام ان کی اقتداء کرتے ہیں، گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام میں بھی علماء کا اہم کردار رہا ہے، صوبائی حکومت اور عوام ان کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے، امید ہے ان کو نیک مقاصد میں کامیابی ملے گی۔ ڈپٹی اسپیکر نے مزید کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ (ص) نے اپنے کردار کے ذریعے دین اسلام کو پھیلایا، اسلام تمام مذاہب پر غالب ہے لیکن آپس کی تفرقہ بازی کی وجہ سے غیر مسلم ہمارے اوپر حکمرانی کر رہے ہیں اور ہمارے وسائل سے غیر مسلم استفادہ حاصل کر رہے ہیں، پوری دنیا میں مسمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، کشمیر اور فلسطین پر ہونے والے مظالم کے سدباب کے لئے مسلمان متحد اور تیار نہیں ہیں، کشمیر کے مسئلے پر مسلمان ممالک نے اقوام متحدہ میں ساتھ نہیں دیا بلکہ کچھ مسلمان ممالک نے مودی کو ہار پہنائے اور مندر بھی کھل گئے، مسلمان متحد ہو تو پوری دنیا پر حکمرانی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک میں ہماری پروڈکٹ کی رساٸی نہیں ہے، حکومت کو اس طرف توجہ دینی ہوگی، سی پیک کیلئے ہماری کسی قسم کی تیاری نہیں جبکہ چین نے بھرپور تیاری مکمل کی ہے، دنیا کے ممالک ہر کام میں اپنے ملک کی ترقی دیکھتے ہیں، ہمیں بھی فرقہ واریت، علاقائیت، قومیت سے نکل کر ملک و علاقے کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ الیعقوبی کے پاکستان میں نمائندے شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا کہ الیعقوبی فاؤنڈیشن پاکستان کے قوانین اور آٸین کو مدنظر رکھ کر وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتی ہے، دنیا بھر کے مختلف ممالک میں ہمارے دفاتر موجود ہیں اور آج جی بی میں دفتر کھولا ہے اور یہاں دینی، اور فلاحی خدمات انجام دینگے۔ پاکستان اور عراق کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، عراق پہلا عرب ملک ہے جس نے سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا تھا، پاکستان اور عراق کے درمیان 16 معاہدے ہیں، ان کو مزید فعال بنا کر تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، تعلقات مزید بہتر ہوئے تو ہم پاکستانی عوام کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں اور پاکستان میں مذہبی اور معاشی بنیاد میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا عراقی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات دستیاب نہیں، اس جانب توجہ دی جائے، سیاست سے ہمارا کوٸی تعلق نہیں ہے، جو قوم کی خدمت کرے ان کے لئے دعاگو ہیں۔ رکن جی بی اسمبلی جاوید حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیعقوبی فاؤنڈیشن مسلمانوں کی خدمت کا عزم لے کر آئی ہے، جو جی بی کے لئے نیک شگون ہے، ہمارا تعاون ان کے ساتھ رہے گا، امید ہے گلگت بلتستان میں وحدت اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے الیعقوبی اور علماء کام کرینگے، قیام امن کے لئے بھی علماء کا کردار اہم رہا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر) عبیداللہ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کا جذبہ لے کر جی بی آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرینگے۔ تقریب سے شیخ قیصر عباس و دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 827900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش