0
Monday 18 Nov 2019 15:12

سکردو، عوامی ایکشن کمیٹی نے عوامی اراضی پر انتظامیہ کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی

سکردو، عوامی ایکشن کمیٹی نے عوامی اراضی پر انتظامیہ کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی
اسلام ٹائمز۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے سکردو میں عوامی اراضی (چھومک ہوتونگ تھنگ) پر انتظامیہ کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی۔ سید علی رضوی کی قیادت میں عوام نے پہرہ دے کر انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر دیا۔ انتظامیہ اور پولیس چاہتی تھی کہ چھومک ہوتونگ تھنگ پر پولیس چوکی کا سنگ بنیاد رکھا جائے، جب لوگوں کو اس بات کا پتہ چلا تو انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کو چھومک ہوتونگ تھنگ پر بلایا، لوگوں کی شکایت ملتے ہی عوامی ایکشن کے رہنماء سید علی رضوی، نجف علی، محمد علی دلشاد اور دیگر چھومک تھنگ پہنچے اور عوامی احتجاج میں شریک ہوئے، کئی موقع پر احتجاجی مظاہرین اور پولیس کا آمنا سامنا ہوا، حالات کو کشیدہ ہوتے دیکھ کر مزید پولیس نفری بھی منگوائی گئی، پولیس اہلکار اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما بڑی تعداد میں لوگوں کے ہمراہ دن بھر چھومک ہوتونگ تھنگ پر موجود رہے۔

شام کے وقت انتظامیہ پیچھے ہٹ گئی تو لوگوں نے بھی اپنا احتجاج ختم کر دیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما بھی چھومک تھنگ سے واپس چلے گئے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں سید علی رضوی، نجف علی، محمد علی دلشاد نے کہا کہ چھومک ہوتونگ تھنگ عوام کی ملکیت ہے، یہاں بلتستان یونیورسٹی کے لئے زمین دی گئی ہے، مزید کسی قسم کی زمین کسی سرکاری کوارٹرز کی تعمیر کیلئے نہیں ملے گی، اگر انتظامیہ کو زمین کی ضرورت ہے تو معاوضہ دیا جائے یا عوام کو اعتماد میں لیا جائے، لینڈ ریفارمز کمیشن کے مندرجات سامنے لائے جائیں، کئی عرصے سے لینڈ ریفارمز کمیشن کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ،لیکن تاحال اس کمیشن کی رپورٹس سامنے نہیں لائی جا رہی ہیں، جس سے شکوک و شبہات بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی ملکیتی زمینوں پر طاقت کے بل بوتے پر قبضہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائیگی۔
خبر کا کوڈ : 827914
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش