QR CodeQR Code

پُرامن اور فلاحی معاشرے کا قیام عدل و انصاف کی بالادستی سے مشروط ہے، علامہ راجہ ناصر عباس

18 Nov 2019 19:00

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدم مساوات اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، ہم اس دین کے پیروکار ہیں جسے پوری دنیا میں مساوات کا علمبردار سمجھا جاتا ہے، غیر مسلم معاشرے آج بھی ایک فلاحی ریاست کی تشکیل کیلئے اسلامی تعلیمات کے بنیادی نکات پر عمل کو ضروری سمجھتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور ہائیکورٹ کے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں المصطفے لائرز فورم کے زیراہتمام ’’جشن صادقین‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پُرامن اور فلاحی معاشرے کا قیام عدل و انصاف کی بالادستی سے مشروط ہے، عام الناس کو انصاف کی بلاتفریق فراہمی کسی بھی کامیاب ریاست کا بنیادی اصول ہے، وہ قومیں جہاں عدل و انصاف کی فراہمی کے حوالے سے عوام طبقاتی تفریق کا شکار نہیں وہاں جرائم کی شرح ایسے ممالک کی نسبت بہت کم ہے جہاں بالا طبقہ قانون وانصاف کو گھر کی لونڈی سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا عدم مساوات اسلامی تعلیمات کے منافی ہے، ہم اس دین کے پیروکار ہیں جسے پوری دنیا میں مساوات کا علمبردار سمجھا جاتا ہے، غیر مسلم معاشرے آج بھی ایک فلاحی ریاست کی تشکیل کیلئے اسلامی تعلیمات کے بنیادی نکات پر عمل کو ضروری سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کی انصاف تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے اصلاحات کی گنجائش موجود ہے، عدالتی فیصلوں میں عام و خاص کی تخصیص یا شخصیات کے رتبے کو ملحوظ و خاطر رکھنا انصاف کے عمل پر سوال اٹھاتا ہے، ریاستی اداروں کی مضبوطی قومی ترقی اور ریاست کے استحکام کی ضمانت ہے، جہاں ریاستی ادارے اپنا آئینی کردار اپنے اختیارات اور حدود کو پیش نظر رکھتے ہوئے منصفانہ انداز سے ادا کرتے ہیں وہاں عوام کو مسائل کا قطعی سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خزانے کو  لوٹنے والوں کا کڑا احتساب  قانون و انصاف کا تقاضا  ہے، قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے ریاست کی جانب سے ذمہ دارنہ طرز عمل کا مظاہر انتہائی ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 827941

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/827941/پ-رامن-اور-فلاحی-معاشرے-کا-قیام-عدل-انصاف-کی-بالادستی-سے-مشروط-ہے-علامہ-راجہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org