0
Tuesday 19 Nov 2019 12:39

عوام کو احتجاج پر اکسانے کا الزام، سکردو میں ایک درجن عمائدین کیخلاف مقدمہ درج

عوام کو احتجاج پر اکسانے کا الزام، سکردو میں ایک درجن عمائدین کیخلاف مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ سکردو چھومک ہوتونگ تھنگ پر عوام کو احتجاج پر اکسانے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے چیئرمین آغا سید علی رضوی، پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء بشارت ظہیر، علاقے کے عمائدین وزیر افتخار، مسلم حسین، عبداللہ شکور، خواجہ شجاعت، ماسٹر رضا، محمد یوسف، حاجی عباس، کاچو افتخار سمیت درجنوں افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ جن رہنماوں اور عمائدین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ان پر لوگوں کو احتجاج پر اکسانے اور کارسرکار میں مداخلت کے الزامات لگائے گئے ہین۔ دوسری جانب چھومک ہوتونگ تھنگ پر انتظامیہ کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کے پیش نظر لوگوں نے رات جاگ گذاری اور پوری رات اولڈینگ، چھومک اور کھرگرونگ کے عوام نے پہرہ دیا اور شدید سردی کے باوجود لوگ انتظامیہ کی ممکنہ کارروائی کو روکنے کیلئے کھڑے رہے، رات بھر نعت اور منقبت کی محفلیں چلتی رہیں۔

پہرہ داروں نے میڈیا کو بتایا کہ چھومک ہوتونگ تھنگ کی زمین ہماری ملکیت ہے، ہم نے بلتستان یونیورسٹی کیلئے 1500 کنال زمین دی ہے، مگر انتظامیہ مزید زمینیں ہتھیانا چاہتی ہے، ہم اپنی زمینوں کی ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے، گلگت بلتستان میں کہیں کوئی خالصہ سرکار نہیں ہے، پوری زمین عوام کی ملکیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریفارمز کمیشن کی رپورٹس تاحال منظر عام پر نہ لانا حکومت کی بدنیتی ہے، ہم بارہا مطالبہ کر چکے ہیں کہ لینڈ ریفارمز کمیشن کے مندرجات سامنے لائے جائیں مگر حکومت ادھر آدھر کی باتیں کر کے وقت ٹال رہی ہے، جب تک لینڈ ریفارمز کمیشن کی رپورٹس سامنے نہیں آئیں گی تب تک عوام مطمئن نہیں ہونگے۔
خبر کا کوڈ : 827965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش