0
Tuesday 19 Nov 2019 18:08

قبائلی علاقوں میں ریڈیو نشریات کا آغاز کرینگے، فردوس عاشق اعوان

قبائلی علاقوں میں ریڈیو نشریات کا آغاز کرینگے، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ افغانستان سے منفی پروپیگنڈہ کو غیر موثر کرنے کیلئے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے تعاون سے ریڈیو نشریات کا آغاز کریں گے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول میں وزارت اطلاعات و نشریات، فوج کے میڈیا ونگ کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نہ صرف ہمارا قومی نشریاتی ادارہ ہے بلکہ اس کا قومی سلامتی کے ساتھ خصوصی تعلق ہے اور کشمیر کی صورتحال نے ایک مرتبہ پھر ریڈیو کی اہمیت کو اُجاگر کر دیا ہے۔ دوران اجلاس کمیٹی کے چیئرمین فیصل جاوید خان نے کہا کہ ریڈیو پاکستان، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے پورے راستے کیلئے ایک معلوماتی پلیٹ فارم ثابت ہوسکتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت قومی بیانیے کو فروغ دینے اور سرحد پار سے ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کیلئے خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ٹرانسمیٹر لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے افغان صدر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 50 سے زیادہ ریڈیو اسٹیشنز کو لائسنس جاری کئے گئے ہیں جو پاکستان کی سرحد کے قریب ہی چلیں گے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی بیانیے کو پھیلانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے اور وزارت اطلاعات آئی ایس پی آر کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، تاکہ ہمارے پیغامات پھیل سکیں اور افغان پروپیگنڈے کا مقابلہ کرسکیں۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے ان کے بورڈ کو ضم کر دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 828065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش