QR CodeQR Code

بھارتی معاشرے میں پیدا ہونے والی تقسیم نے ایک بار پھر دو قومی نظریے کو ثابت کردیا ہے، عارف علوی

19 Nov 2019 22:44

اسلام آباد میں ہم پاکستانی، کے عنوان سے منعقد ہونیوالی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مثالی ریاست مدینہ کی جانب بڑھ رہا ہے، اسلامی تاریخ بین المذاہب ہم آہنگی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے معاشرے کو تقسیم کرکے آگ سے کھیل رہا ہے۔ اسلام آباد میں ہم پاکستانی، کے عنوان سے منعقد ہونیوالی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی معاشرے میں پیدا ہونے والی تقسیم نے ایک بار پھر دو قومی نظریے کو ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم بالغ نظر ہو چکی ہے اور ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور امن کو فروغ دیا، مگر دوسری طرف بھارت میں ہمیں جنگی جنون نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی تبدیلی آئی ہے اور ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے امریکہ کے دورے کے دوران دنیا کے سامنے قومی بیانیہ پیش کیا اور اسلامی دہشتگردی کی نفی کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان مثالی ریاست مدینہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ بین المذاہب ہم آہنگی کی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور موثر انداز میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علامہ اقبال کے خواب کے مطابق قائداعظم کی قیادت میں دو قومی نظریے کی بنیاد پر قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ خواب صرف قوم کی مشترکہ کوشش سے ہی شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی مساوات اور اقلیتوں کے حقوق ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہیں۔


خبر کا کوڈ: 828093

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/828093/بھارتی-معاشرے-میں-پیدا-ہونے-والی-تقسیم-نے-ایک-بار-پھر-دو-قومی-نظریے-کو-ثابت-کردیا-ہے-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org