0
Wednesday 20 Nov 2019 11:51

کوئٹہ پشاور میں ہلکی بارش کا امکان، کراچی ابر آلود

کوئٹہ پشاور میں ہلکی بارش کا امکان، کراچی ابر آلود
اسلام ٹائمز۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا اور کوئٹہ، ژوب، مکران، پشاور میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
ایران سے بارش کا سسٹم آج شام پاکستان میں داخل ہو گا، ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ مشرقی ایران میں موجود ہے، جو آج شام سے پاکستان میں داخل ہوگا جس کی وجہ سے بدھ سے لے کر جمعہ کے دوران تک بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کل اور جمعہ کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ذرائع موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود اور صبح کے وقت کہر چھائے رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ہے، جبکہ شہر میں شمال مشرقی علاقوں سے ہوائیں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرد ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، مکران، قلات ، چاغی، کیچ اور پنجگور سمیت مختلف شہروں میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ ذرائع موسمیات کا بتانا ہے کہ آج کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود ہے، درجہ حرارت میں کمی سے موسم سرد ہے، جبکہ قلات اور زیارت سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک ہے۔ دوسری جانب پشاور میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ گردونواح میں دھند بھی چھانے لگی، محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں گذشتہ روز ہونے والی بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت 9 درجہ سینٹی گریڈ تک کم ہوگیا جبکہ پشاور کے گردونواح میں جزوی طورپر دھند بھی چھا گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کردی جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ جائے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 828134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش