0
Wednesday 20 Nov 2019 13:16

کراچی، ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

کراچی، ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 300 سے 320 روپے فی کلو سے تجاوز کرنے کے بعد 400 روپے فی کلو کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ ایران سے درآمد کئے گئے ٹماٹروں کی قیمت طے نہ ہونے کی وجہ سے تاجر زیادہ منافع کمانے کے لئے سندھ اور سوات کی فصل کی قیمت کو ایران کے ٹماٹر کے نرخ کے برابر لے آئے ہیں۔ تاہم مقامی انتظامیہ نے ماضی کی طرح ٹماٹر کے غیر حقیقی ریٹیل پرائس 253 روپے فی کلو جاری کئے جبکہ پیر کو یہ قیمت 193 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی۔ نومبر کے پہلے ہفتے میں سرکاری سطح پر ٹماٹر کی قیمت 117 روپے فی کلو تھی اور گزشتہ روز کے سرکاری نرخ سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خود قیمت میں اضافہ کررہی ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کا 13 سے 14 کلو کا ڈبہ معیار کی مناسبت سے 4 ہزار 2 سو سے ساڑھے 4 ہزار روپے میں دستیاب ہے جس کے باعث تاجر ٹماٹر کی خریداری نہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے حکومت نے ایران سے ساڑھے 4 ہزار ٹن ٹماٹر درآمد کرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا لیکن مارکیٹ میں ٹماٹر تیزی سے نہیں آرہے جس کے باعث ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی مانگ کی وجہ سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے ایک تاجر نے کہا کہ اب تک ایران سے درآمد کئے جانے والے ساڑھے 4 ہزار ٹن ٹماٹر میں سے 9 سو 89 ٹماٹر ملک پہنچے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے مزید بتایا کہ وہ تفتان بارڈر پر مزید ٹماٹر پہنچنے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔

لوگوں سے ٹماٹر نہ خریدنے پر اصرار
فلاحی انجمن ہول سیل ویجٹیبل مارکیٹ کے صدر حاجی شاہجہاں نے کہا کہ 44 ٹن ٹماٹر پر مشتمل 2 کنٹینرز 17 نومبر کو پہنچے تھے لیکن گزشتہ روز صرف ایک کنٹینر مارکیٹ پہنچا تھا جس کے باعث صارفین کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18 نومبر کو ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 سے 220 روپے فی کلو سے بڑھ کر 300 روپے سے تجاوز کرگئی تھی۔ حاجی شاہجہاں نے ٹماٹروں کی درآمد کی اجازت کسی بھی تاجر کو دینے کے بجائے اسے چند لوگوں تک محدود رکھنے پر وفاقی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا جس کے نتیجے میں ٹماٹر کی محدود تعداد پہلے ہی بُک ہوچکی تھی جو تفتان بارڈر پر فروخت ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تاجروں کو درآمد کی کھلی اجازت کی وجہ سے ٹماٹروں کی قیمت مستحکم تھی۔

حاجی شاہجہاں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹ کا صدر ہونے کی حیثیت سے میں صرف تاجروں سے اصرار کرسکتا ہوں کہ وہ 2 سے 3 دن کے لئے ٹماٹر کی خریداری نہ کریں، جس سے چند تاجروں کی اجارہ داری ختم ہوگی اور ساتھ ہی ٹماٹر کی قیمت میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کی فصل محدود تعداد میں آنا شروع ہوئی اور میرپورخاص میں ٹماٹر کے 10 کلو کے ڈبے کی قیمت 2 ہزار 3 سو روپے ہے۔ فلاحی انجمن ہول سیل ویجٹیبل مارکیٹ کے صدر نے کہا کہ صارفین ایک پاؤ یا صرف 4 ٹماٹر کی خریداری پر 100 روپے ادا کررہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کو تاجروں کی جانب سے منافع خوری روکنے کے لئے ٹماٹر درآمد اور ان کی قیمت کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 828155
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش