QR CodeQR Code

سعودی شہزادی بسمہ کو کافی عرصہ سے گھر پر نظربند کئے جانیکا انکشاف

20 Nov 2019 21:03

واضح رہے کہ شہزادی بسمہ طویل عرصے سے نہ صرف سعودی آئین میں بلکہ خطے کے قوانین میں اصلاحات اور انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی نمایاں شخصیت شہزادی بسمہ بنت سعود پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ہیں، ڈی ڈبلیو کے مطابق مبینہ طور پر شہزادی کو بغیر کوئی الزام عائد کئے گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے، شہزادی سے انتہائی قریبی ایک شخصیت نے ڈوئچے ویلے کو بتایا ہے کہ شہزادی آزادی سے بات چیت بھی نہیں کرسکتیں، ان کے تمام اقدامات مانیٹر ہورہے ہیں۔ ڈی ڈبلیو کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بسمہ کو مارچ میں اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ اپنے علاج کی غرض سے سوئٹزرلینڈ روانہ ہونے والی تھیں، تب سے اب تک سعودی حکام نے ان سے متعلق پوچھے گئے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا ہے، ڈی ڈبلیو کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق آخری بار شہزادی بسمہ سے متعلق اس وقت خبریں سامنے آئیں جب وہ گزشتہ برس دسمبر میں اپنی بیٹی کے ہمراہ جدہ سے سوئٹزر لینڈ علاج کیلئے جانے والی تھیں، لیکن ان کا طیارہ روک لیا گیا اور انہیں سفر کی اجازت نہیں دی گئی، ان کے ایک وکیل کا کہنا ہے کہ وہ تب سے لاپتہ رہیں، کسی کو کچھ پتہ نہیں تھا کہ وہ کہاں ہیں۔

شہزادی کے وکیل بینتھ نے جو کہ ان کے معاملات کو دیکھ رہے تھے کا کہنا ہے کہ کیونکہ شہزادی نے ترکی کے راستے سوئٹزر لینڈ کی ٹکٹس کروائیں اس لئے سعودی عرب کو شک گزرا۔ ڈی ڈبلیو کے ذرائع کے مطابق ان کیخلاف ملک چھوڑنے کے الزامات لگائے گئے تاہم وہ سچ ثابت نہ ہوسکے اس کے باوجود انہیں حراست میں رکھا گیا ہے جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم یہ سب کس کے احکامات پر ہوا ہے۔ واضح رہے کہ شہزادی بسمہ طویل عرصے سے نہ صرف سعودی آئین میں بلکہ خطے کے قوانین میں اصلاحات اور انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 828240

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/828240/سعودی-شہزادی-بسمہ-کو-کافی-عرصہ-سے-گھر-پر-نظربند-کئے-جانیکا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org