0
Wednesday 20 Nov 2019 23:53
پی ٹی آئی کے ترجمانوں سے عمران خان کا خطاب

شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب، مولانا کی سیاست ختم، وزیراعظم

موقف پہ ڈٹا ہوا ہوں، مافیا کا مقابلہ تنہا کروں گا
شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب، مولانا کی سیاست ختم، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور وہ صرف اپنی خفت مٹا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کا مسئلہ صرف عمران خان ہے اور اسے ملکی معیشت میں آنے والی بہتری کا بھی خوف ہے۔ ترجمانوں نے وزیراعظم سے پارٹی فنڈنگ کیس کے حوالے سے دریافت کیا تو انہوں ںے نہایت پر اعتماد لہجے میں کہا کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں کچھ نہیں ہے لہذا مطمئن رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں اثاثوں کی تفصیلات بتا چکا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی فنڈز کے آڈٹ ہو چکے ہیں لہذا فکر نہ کریں۔ وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالت کا فیصلہ تسلیم  کیا۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں جس فلیٹ پر قیام کیا اس کی ملکیت تک ثابت نہ کر سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جن بیٹوں نے استقبال کیا وہ پاکستان میں اشتہاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ساتھ گیا اس کے بیٹے اور داماد اشتہاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملکی معیشت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دن بدن بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو خوف ہے کہ معیشت بہتر ہوگئی تو ان کی باریاں ختم ہو جائیں گی۔ وزیراعظم نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ میں اپنے مؤقف و نظریے پہ ڈٹ کر کھڑا ہوں اور تنہا اس مافیا کا مقابلہ کروں گا۔ اجلاس میں چیئرمین نیب کے بیان کا بھی تذکرہ ہوا تو وزیراعظم نے کہا کہ میں احتساب کا حامی ہوں خواہ وہ اپوزیشن کا ہو یا پھر حکومت کا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ ہے، جس کا چاہے بلاتفریق احتساب کرے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کے مشترکہ اجلاس میں واضح کیا کہ جس نے بھی ملک کے پیسے کھائے ہیں اس کو حساب دینا ہوگا اور حکومت کسی بھی طرح احتساب کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
خبر کا کوڈ : 828254
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش