0
Thursday 21 Nov 2019 14:33

جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں پولیس حفاظت میں کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں

جعلی نمبر پلیٹ لگی گاڑیاں پولیس حفاظت میں کراچی کی سڑکوں پر رواں دواں
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کی سنگین غفلت کے سبب نان کسٹم پیڈ لگژری کاریں کراچی شہر کی سڑکوں پر رواں دواں، جعلی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑی کے ساتھ پولیس اسکارٹ بھی موجود، معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ سندھ حکومت کی سنگین غفلت کے باعث شہر کی سڑکوں پر جعلی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑیاں رواں دواں ہیں،  جعلی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کا شہریوں نے حکومت سندھ کو ذمے دار قراردیا ہے۔ سیاہ رنگ کی بی ایم ڈبلیو گاڑی پر AAA 786 نمبر کی جعلی نمبر پلیٹ آویزاں کی گئی ہے جو محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ میں ٹویوٹا سلون کے طور پر رجسٹرڈ ہے، مذکورہ نمبر پلیٹ کی حامل گاڑی کو پولیس اسکارٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے ریکارڈ کے مطابق مذکورہ ٹویوٹا سلون کار 1995ء میں رجسٹرڈ ہوئی تھی، جعلی نمبر پلیٹ کی کار دن دیہاڑے کراچی کی سڑکوں پر گھوم رہی ہے، مذکورہ گاڑی کے حوالے سے وزیراعلی سندھ سمیت محکمہ ایکسائز بھی خواب غفلت میں ہے جس کی وجہ سے جعلی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑیاں سڑکوں پر دندناتی پھر رہی ہیں۔

شہریوں نے سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں کہ جعلی نمبر پلیٹ کی حامل گاڑی کو پولیس اسکارٹ کیوں دی گئی؟ شاید جعلی نمبر پلیٹ کی حامل کار کسی وزیر یا مشیر کی ہوگی۔ ادھر معاملہ میڈیا پر نشر ہونے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے وزیر ایکسائز مکیش چاولہ اور آئی جی سندھ پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے آئی جی پولیس کو مذکورہ جعلی نمبر پلیٹ کی حامل کار کو ضبط کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ٹرپل اے سیون ایٹ سکس لگی نمبر پلیٹ کا مالک خواہ کتنا بھی بااثر ہو اس سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔
 
خبر کا کوڈ : 828291
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش